بلتستان سے تعلق رکھنے والے 3 ایم فل سکالرز ایران سے وطن واپسی پر ”گرفتار“

کھرمنگ سے تعلق رکھنے والے سید علی عباس رضوی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ 25 فروری کو پاکستانی حکام کی جانب سے دورانِ چیکنگ 30 ساتھیوں میں سے ان 3 افراد کو الگ کیا گیا، جس کے بعد سے ان کا کوئی سراغ نہیں ملا اور نہ ہی کسی قسم کا رابطہ ممکن ہو سکا ہے

08:04 PM, 27 Feb, 2025

سرور حسین سکندر

ایران کے شہر قم میں بلتستان سے تعلق رکھنے والے 3 ایم فل سکالرز سید علی عباس رضوی، غلام عباس ناصری اور اختر علی کو 25 فروری کو رمِدان بارڈر سے دیگر ساتھیوں سے الگ کر کے مبینہ طور پر گرفتار کر لیا گیا ہے۔

کھرمنگ سے تعلق رکھنے والے سید علی عباس رضوی کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ 25 فروری کو پاکستانی حکام کی جانب سے دورانِ چیکنگ 30 ساتھیوں میں سے ان 3 افراد کو الگ کیا گیا، جس کے بعد سے ان کا کوئی سراغ نہیں ملا اور نہ ہی کسی قسم کا رابطہ ممکن ہو سکا ہے۔

اس مبینہ گرفتاری کے خلاف کھرمنگ غندوس میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں مظاہرین نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کی فوری بازیابی کے لئے اقدامات کرے بصورتِ دیگر، کارگل بارڈر روڈ بند کر کے شدید احتجاج کیا جائے گا۔

دوسری جانب، اپوزیشن لیڈر کاظم میثم نے بھی اس مبینہ جبری گمشدگی کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ انہیں جلد از جلد بازیاب کرایا جائے۔

واضح رہے کہ یہ تینوں افراد ہر سال کی طرح اس سال بھی رمضان کے دوران تبلیغِ دین کے سلسلے میں سفر پر تھے۔

ایم فل سکالرز کے رشتہ داروں کے مطابق پولیس کو اس گرفتاری سے متعلق علم نہیں ہے اور ممکن ہے اس معاملے میں کسی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کا تعلق ہو۔

مزیدخبریں