’حکومتی موقف دینا میرا کام ہے آپ کا نہیں‘ شبلی فراز نے شہباز گل کو صحافیوں سے بات کرنے سے روک دیا

09:54 AM, 27 Jan, 2021

نیا دور
حکومت اور اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی پارٹی اجلاس کےبعد وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہبازگل کو صحافیوں سے بات کرنے سے روک دیا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد شبلی فراز اور شہباز گل کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا ،اجلاس کے بعد شبلی فراز نے شہباز گل کو میڈیا کی طرف جاتے ہوئے پوچھا کہ آپ کیا کر رہے ہیں، جس کے جواب میں شہباز گل نے کہا کہ میں پریس کانفرنس کرنے جا رہا ہوں۔

شبلی فراز نے وزیراعظم کے معاون خصوصی شہبازگل کو صحافیوں سے بات کرنے سے روکتے ہوئے پوچھا کہ آپ نے کیا کہنا ہے جواب میں شہبازگل نے کہا کہ میں صحافیوں کو صرف قرض سے متعلق نمبرز بتا رہا ہوں، اس پر شبلی فراز نے شہباز گل کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ میرا کام ہے، آپ ایسا نہیں کرسکتے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل وضاحت پیش کرتے رہے کہ میں نے کچھ نہیں کیا۔

آخر میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نےشہباز گل سے کہا کہ آپ بھی میرے ساتھ پریس کانفرنس میں صرف بیٹھ آجائیں۔ تاہم ضرورت پڑی تو بات کر لیں ورنہ رہنے دیں۔
مزیدخبریں