پنجاب کی نگران کابینہ میں کون کس کا رشتے دار ہے؟

02:50 PM, 27 Jan, 2023

وجیہہ اسلم
سیاسی رشتے دار، بیوروکریٹ، بزنس مین اور نئے چہرے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی کابینہ میں شامل ہیں۔

گورنر ہاؤس پنجاب میں چوتھی بار ایک نئی نگران کابینہ نے حلف اٹھا لیا ہے۔ اس کابینہ میں سیاسی خاندانوں سے تعلق رکھنے والے بیوروکریٹس، صنعت کار، ریٹائرڈ بیوروکریٹس اور صحافی شامل ہیں۔ نگران کابینہ کی پہچان بن چکی ہے کہ یہ قریبی رشتے داروں، بیوروکریٹس، من پسند لوگوں اور سیاسی تعلقات کو مدنظر رکھتے ہوئے تشکیل دی جاتی ہے۔

ڈاکٹر جاوید اکرم

ڈاکٹر جاوید اکرم سابق ممبر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ ن پنجاب کے سابق صدر مرحوم پرویز ملک اور سابق جسٹس عبدالقیوم ملک کے بھائی، ممبر قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک کے جیٹھ اور علی پرویز ملک کے تایا ہیں۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے برادر نسبتی کے سسر بھی ہیں۔ ڈاکٹر جاوید اکرم کو سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اور میڈیکل ایجوکیشن کا محکمہ دیا گیا ہے۔

عامر میر

عامر میر تحقیقاتی صحافی ہیں۔ عامر میر جیو نیوز سے وابستہ سینیئر صحافی حامد میر کے چھوٹے بھائی ہیں۔ انہیں انفارمیشن اینڈ کلچر کا محکمہ دیا گیا ہے۔

ایس ایم تنویر

ایس ایم تنویر معروف بزنس مین ایس ایم منیر کے صاحبزادے ہیں۔ ایس ایم منیر آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (APTMA) کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔ انہیں نگران کابینہ میں انرجی، انڈسٹریز، کامرس، انویسٹمنٹ، سکلز ڈویلپمنٹ (آئی اینڈ ایس ڈی) کے محکمے دیے گئے ہیں۔

ابراہیم مراد

ابراہیم مراد یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (UMT) کے صدر ہیں۔ وہ ماہر تعلیم حسن صہیب مراد کے بیٹے ہیں۔ ابراہیم مراد کو لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کا محکمہ دیا گیا ہے۔

بلال افضل

بلال افضل پنجاب کے معروف تعلیمی ادارے پنجاب کالج کے ڈائریکٹر اور پنجاب گروپ آف کالجز کے سربراہ سہیل افضل کے صاحبزادے ہیں۔ یاد رہے کہ سہیل افضل بھی 2008 میں نگران وزیر کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔ بلال افضل کو کمیونی کیشن اینڈ ورکس، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول کے محکمے دیے گئے ہیں۔

ڈاکٹر جمال ناصر

ڈاکٹر جمال ناصر پرائیوٹ میڈیکل لیبارٹری کے مالک ہیں۔ وہ سابق جج سہیل ناصر کے بھائی ہیں۔ انہیں پنجاب کابینہ میں پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر (پی اینڈ ایس ایچ سی) کا محکمہ دیا گیا ہے۔

منصور قادر

منصور قادر سابق بیوروکریٹ اور سینیئر صحافی سہیل وڑائچ کے برادر نسبتی ہیں۔ منصور قادر کو ہائیر ایجوکیشن اور سکولز ایجوکیشن کا محکمہ ملا ہے۔

سید اظفر علی ناصر

سید اظفر علی ناصر معروف بزنس مین ہیں۔ انہیں اوقاف اور مذہبی امور کے ساتھ ساتھ زکوٰۃ اور عشر کا محکمہ بھی دیا گیا ہے۔

تمکنت کریم

تمکنت کریم انسانی حقوق کی سابق وزیر اور پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کی نند ہیں۔ اس کے علاوہ ماضی میں وہ میڈیا انڈسٹری سے بھی وابستہ رہی ہیں۔

نسیم صادق

نسیم صادق سابق بیوروکریٹ ہیں۔ وہ کمشنر اور سیکرٹری بھی رہ چکے ہیں۔

نگران کابینہ میں شامل تین شخصیات نے حلف نہیں اٹھایا۔ معروف کرکٹر اور فاسٹ باؤلر وہاب ریاض بیرون ملک ہونے کی وجہ سے تقریب کا حصہ نہیں بن سکے۔ تمکنت کریم اور نسیم صادق نے حلف اٹھانے سے انکار کر دیا ہے۔ حیران کن بات ہے کہ کابینہ میں شامل کرنے سے پہلے کیا تمکنت کریم اور نسیم صادق سے مشاروت نہیں کی گئی تھی؟ اگر ان کی منظوری کے بعد ناموں کو شامل کیا گیا تھا تو پھر شاید انکار کی وجہ سیاسی جماعتوں سے ان کی وابستگی ہوگی۔

نگران حکومتیں ملک میں شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کروانے کے لئے بنائی جاتی ہیں۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا دونوں صوبوں میں اسمبلیوں کے تحلیل ہونے کے بعد نگران وزیر اعلیٰ اور نگران کابینہ نے حلف اٹھا لیے ہیں۔ دوںوں صوبوں میں نئے انتخابات کب ہوں گے، ان کی تاریخ کا اعلان ابھی تک تاخیر کا شکار ہے۔
مزیدخبریں