پولیس رپورٹ کے مطابق یکم نومبر 2022 کو فرقان کو مسلح افراد نے راستے میں قتل کر دیا جب وہ منگھوپیر فلٹر پلانٹ سے معمول کے مطابق کھانا کھا کر واپس آ رہے تھے۔ انہوں نے فرقان کے سر میں گولی ماری اور اس کی موٹر سائیکل کو لے کر فرار ہوگئے۔ وہ چھ سالہ بچی کا باپ تھا۔ ہو سکتا ہے کہ یہ سیدھا سیدھا گاڑی چھیننے کا معاملہ ہو۔ فرقان کے اہل خانہ نے سکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے روزنامہ ڈان کے ساتھ بات کرنے سے انکار کر دیا۔
KWSB حکام کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے مالکان کے ساتھ اپنے آپریشنز کو بند کرنے کی کوشش کے دوران پر تشدد جھڑپیں کیں۔ 'ان میں سے ایک نے ایوب گوٹھ میں حالیہ چھاپے کے دوران مجھے ایک بڑے پتھر سے مارا'، فرقان کے ایک ساتھی نے اپنے سر کے اوپری حصے کو نرمی سے چھوتے ہوئے بتایا۔
'میں اب بھی اپنی کھوپڑی میں زخم محسوس کر سکتا ہوں۔ ہمارے ساتھ پولیس کی دو یا تین موبائل وین تھیں لیکن وہ خود مافیاز سے خوفزدہ ہیں اور کچھ نہیں کرتے۔ فرقان کے قتل کے بعد کے ڈبلیو ایس بی کے ملازم کا کہنا ہے کہ دفتر میں موجود ہر شخص پریشان ہے۔ 'گزشتہ ہفتے کے روز ہم نے غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف چھاپہ مارنا تھا لیکن ہمیں اس وقت تک ایسا کرنے سے روک دیا گیا جب تک کہ ہمیں مزید معلوم نہ ہو جائے کہ فرقان کو کس نے اور کیوں مارا ہے۔'
کے ڈبلیو ایس بی ( KWSB) کا پانی کی فراہمی کا نیٹ ورک
غیر قانونی ہائیڈرنٹس ایک بڑے ریکٹ کا ایک جزو ہیں جو کراچی میں ٹینکروں کے ذریعے پانی کی فراہمی کے گرد گھومتا ہے۔ مختلف ذرائع اور تجرباتی شواہد پر مبنی ایک انتہائی قدامت پسند اندازے سے پتہ چلتا ہے کہ پانی کے ٹینکر کےکاروبار میں روزانہ کی بنیاد پر کم از کم 62 ملین روپے کا اضافہ ہوتا ہے جو کہ 32 ملین گیلن یومیہ (MGD) پانی ٹینکروں میں شہر بھر میں لے جایا جاتا ہے اور یہ اعدادوشمار شہر میں صرف چھ قانونی ہائیڈرنٹس کے ہیں۔
سیاسی لحاظ سے اہم ترین شخصیات، حکومتی کارندے، کراچی واٹر بورڈ کے اہلکار، فوجی اہلکار، ہائیڈرنٹ کنٹریکٹرز، ٹینکر مالکان، پولیس، رینجرز، کمیونٹی کے بااثر افراد اور سیاسی کارکن سب اس بڑے منافع بخش کاروبار کا حصہ ہیں۔ ایک مساوی طور پر مشترکہ وسائل ہونے کے بجائے پانی ایک شے بن گیا ہے جسے جو قیمت ادا کر سکتا ہے اسے بیچ دیا جاتا ہے۔
لیکن جیسا کہ ڈان انویسٹی گیشن نے سائٹ وزٹ اور انٹرویوز کے ذریعے دریافت کیا (زیادہ تر انٹرویو دینے والے موضوع کی نوعیت کے پیش نظر گمنام رہنے کو ترجیح دیتے ہیں) صورت حال اس سے کہیں زیادہ خراب ہے جس میں کچھ حلقے دوسروں کے مقابلے میں بھی زیادہ غیر جوابدہ ہیں۔ پاکستان کلپٹوکریسی کی واضح مثال بن گیا ہے.
ماہر تعلیم اور محقق ڈاکٹر نعمان احمد کہتے ہیں؛ 'پانی تک رسائی کراچی کے باشندوں کا بنیادی حق نہیں بلکہ اعزاز بن گیا ہے۔' انہوں نے شہریوں کی پانی تک رسائی کے اہم عوامل کے طور پر 'سماجی اور سیاسی روابط، KWSB یونین کے عملے کا اثر و رسوخ، مقامی بااثر افراد اور دیگر طاقتور حلقوں' کا حوالہ دیا۔
کراچی میں چھ 'آفیشل' واٹر ہائیڈرنٹس ہیں؛ نیپا، شیرپاؤ (سٹیل ٹاؤن کے قریب)، صفورا، منگھوپیر (اکثر کرش پلانٹ ہائیڈرینٹ کے نام سے جانا جاتا ہے)، سخی حسن اور لانڈھی ہائیڈرنٹس۔ ان کا انتظام نجی ٹھیکیداروں کو دو سال کی مدت کے لیے نیلام کے ذریعے دیا جاتا ہے۔ اگلی نیلامی کا عمل 26 جنوری سے شروع ہونا ہے۔
اس نیلامی کے عمل سے باہر دو دیگر ہائیڈرنٹس ہیں۔ ایک بلدیہ ضلع کیماڑی میں ہے جو 'ڈپٹی کمشنر کوٹہ' پر کام کرتا ہے اور اس کا مقصد صرف بلدیہ اور اورنگی کے علاقوں کے رہائشیوں کے استعمال کے لیے ہے جو پانی کی قلت سے شدید متاثر ہیں۔
دوسرا ڈسٹرکٹ ایسٹ میں NEK ہائیڈرنٹ ہے جو نیشنل لاجسٹکس سیل (NLC) کے ذریعے چلایا جاتا ہے جس کے آپریشنز ایک حاضر سروس میجر کے ذریعے سنبھالے جاتے ہیں۔ اس ہائیڈرنٹ کا آپریشن KWSB، سرکاری ادارہ جس کا قانونی طور پر یہاں تک کہ شہر کے زیر زمین پانی پر بھی اختیار ہے، سے بالاتر ہے۔
(مندرجہ بالا تخمینہ کم از کم 32 ایم جی ڈی یومیہ ٹینکرز کے ذریعے پہنچایا جاتا ہے، اس میں این ایل سی کے ٹینکرز کے ذریعے فراہم کیا جانے والا پانی شامل نہیں ہے۔)
کراچی کے سرکاری پانی کا کوٹہ 650 ایم جی ڈی (ملین گیلن پر ڈے) ہے۔ اس کی آبادی کو دیکھتے ہوئے کم از کم 450 ایم جی ڈی کی قلت کا اعتراف کیا گیا ہے۔ درحقیقت نیسپاک کے ایک حالیہ سروے نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ شہر میں داخل ہونے والے پانی کی مقدار تقریباً 520 ایم جی ڈی ہے۔ یہ بڑے پیمانے پر تین ذرائع سے آتا ہے؛ سندھ میں پانی کی کینجھر جھیل، سندھ کی ہالیجی جھیل اور بلوچستان کے حب ڈیم سے۔
ڈیم میں پانی کی دستیابی جو بنیادی طور پر وسیع و عریض، کم آمدنی والے بلدیہ اور اورنگی علاقوں کو فراہم کرتی ہے، مکمل طور پر کیرتھر رینج سے آنے والے پانی پر منحصر ہے۔ نہروں، نالیوں، پمپنگ سٹیشنوں، فلٹر پلانٹس، K2 اور K3 بلکمینز، نالیوں کی لائنوں وغیرہ کا نیٹ ورک ان ذرائع سے پانی کو کراچی لاتا ہے۔ KWSB اس کے انتظام اور تقسیم کی نگرانی کرتا ہے۔ تقسیم کیے جانے والے پانی کا ایک تہائی حصہ 'نان ریونیو واٹر' کے طور پر ختم ہوتا ہے، یعنی وہ پانی جو پمپ کیا جاتا ہے اور پھر ضائع ہو جاتا ہے یا جس کا حساب نہیں ہوتا۔
دسمبر 2016 میں وکیل شہاب استو کی طرف سے دائر آئینی درخواست کے جواب میں سپریم کورٹ نے سندھ کے رہائشیوں کو صاف پانی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صوبے میں صفائی کے مسائل کا جائزہ لینے کے لیے ایک انکوائری کمیشن تشکیل دیا۔ کمیشن کی سربراہی پہلے سندھ ہائی کورٹ کے حاضر سروس جج جسٹس محمد اقبال کلہوڑو اور بعد میں سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج جسٹس امیر ہانی مسلم نے کی۔
اس نے اپنے صوبے بھر میں پائے جانے والے نتائج پر عدالت عظمیٰ کو چار رپورٹیں پیش کیں۔ جہاں تک کراچی کو پانی کی فراہمی کا تعلق تھا، کمیشن نے انتشار کی کیفیت پائی اور 30 فیصد آپریشنل نقصانات 'پانی کی سپلائی لائنوں کے ناقص نیٹ ورک، غیر چیک شدہ چوری اور غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹس کی وجہ سے پائی گئی۔'
پانی کے ہائیڈرنٹس سے متعلق سیکشن میں دوسری رپورٹ میں بتایا گیا کہ وہ 'بغیر کسی طے شدہ اصول و ضوابط کے چل رہے ہیں۔ یہ بھی دیکھا گیا کہ ہائیڈرنٹس کو ٹھیک کرنے کا عمل بالکل نامناسب ہے۔ ٹینڈر جاری کرنے کا آخری عمل 2008 اور 2009 میں ہوا تھا۔ اس شعبے کو بہتر بنانے کے لیے اس کی 14 سفارشات میں سے اس نے کہا؛ 'پورے ہائیڈرنٹس آپریشن کو عوامی خدمت پر توجہ مرکوز کرنی چاہئیے اور محروم علاقوں کی خدمت کے واضح ارادے کے ساتھ۔'
ان رپورٹس کے بعد شہر کی تاریخ میں نویں بار اور سپریم کورٹ کے دباؤ پر متعدد غیر قانونی ہائیڈرنٹس کو مسمار کر دیا گیا۔ حکومت کی طرف سے منظور شدہ ہائیڈرنٹس کو کم کرکے چھ پر لایا گیا جنہیں پبلک پروکیورمنٹ رولز کے مطابق 'شفاف طریقے سے' نیلام کیا جانا تھا۔
ہر ہائیڈرنٹ پر فلو میٹر ٹینکروں میں بہنے والے پانی کی مقدار کا تعین کریں گے اور احاطے میں لگے کیمرے اس 'شفافیت' کو تقویت دیں گے۔ لیکن زمینی صورت حال اس سے بہت مختلف ہے۔ KWSB کے ایک سینیئر اہلکار کا کہنا ہے؛ 'تمام میٹروں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔ وہ جتنا چاہیں پانی لیتے ہیں۔ ہر آفیشل ہائیڈرنٹ پر ایک KWSB شخص تعینات ہوتا ہے جو ٹرپس کی تعداد گن کر کراس چیک کرتا ہے۔ لیکن جب وہ ان کے ساتھ گھل مل جاتے ہیں تو آپ صحیح اعداد و شمار کیسے حاصل کر سکتے ہیں؟ ذرا تصور کریں، واٹر بورڈ اپنے چھ ہائیڈرنٹس پر میٹروں کا انتظام بھی نہیں کر سکتا!'
سپریم کورٹ کے زیر انتظام واٹر کمیشن نے KWSB کے ایک ایگزیکٹیو انجینیئر ندیم کرمانی کو بدعنوانی کے الزامات پر برطرف کرنے کا حکم دیا۔ اس بدعنوانی میں فلو میٹر کے ساتھ چھیڑ چھاڑ بھی شامل تھی لیکن انہیں ایک سال بعد اسی عہدے پر دوبارہ تعینات کر دیا گیا اور وہ آج بھی اسی عہدے پر براجمان ہیں۔ وہ KWSB کے وائس چیئرمین نجمی عالم کے سٹاف آفیسر بھی ہیں۔
8 ستمبر 2016 کو کراچی میں غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف درخواستوں کی سماعت کرنے والے دو رکنی بینچ کی طرف سے سپریم کورٹ کے حکم میں KWSB کے اہلکار راشد صدیقی کو 'غیر مجاز طریقے سے ہائیڈرنٹس ٹھیکے دینے کا ذمہ دار' قرار دیا گیا اور ہدایت کی گئی کہ اس کے خلاف محکمانہ انکوائری کی جائے۔ اس کے بجائے مسٹر صدیقی کو واٹر بورڈ کے اینٹی تھیفٹ سیل کا انچارج بنا دیا گیا اور وہ کچھ عرصہ پہلے تک وہیں برقرار رہے۔ ان کی پوسٹنگ کےدوران یہ الزام لگایا گیا، شاید حیرت کی بات نہیں کہ وہ غیر قانونی ہائیڈرنٹس کے خلاف جعلی آپریشن کرنے کی مشق میں تھا۔
(اتفاقی طور پر جب ڈان کی ٹیم شیرپاؤ ہائیڈرنٹ کے قریب پہنچی جو اس وقت ڈی ایچ اے کے لیے ٹینکر سروس کابنیادی ذریعہ ہے تو سائٹ پر موجود ایک شخص نے اپنے موبائل فون پر گاڑی کی ویڈیو بنانی شروع کر دی۔ پھر ایک مسلح گارڈ نے آگے بڑھ کر ٹیم سے کہا؛ تصویریں لینا بند کرو اور آگے نہ آؤ۔)
شیرپاؤ ہائڈرنٹ جہاں ٹینکروں کی نا ختم ہونے والی قطاریں ہیں
کے ڈبلیو ایس بی کے مینیجنگ ڈائریکٹر سید صلاح الدین احمد نے تسلیم کیا کہ ہائیڈرنٹس کے میٹروں میں واقعی چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔ وہ کہتے ہیں؛ 'لیکن ہم آئندہ نیلامی کے بعد کچھ بہتر انتظامات شروع کر رہے ہیں۔'
'ٹینکروں کے پورے بیڑے کو ہر فلنگ پوائنٹ پر کیمروں کے ذریعے نگرانی میں رکھا جائے گا جس تک میٹر ڈویژن کو رسائی نہیں دی جائے گی۔ یہ تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ ہو گی۔' انہوں نے مزید کہا کہ ٹینکرز میں ٹریکرز نصب کیے جا رہے ہیں اور QR کوڈ کے ساتھ ایک کمپیوٹرائزڈ پرچی ہوگی 'تاکہ صارف بتا سکے کہ پانی وہیں سے آ رہا ہے جہاں سے اسے آنا چاہئیے۔'
نازیہ سید علی اور اسلم شاہ کی یہ تحقیقاتی رپورٹ 24 جنوری 2023 کو روزنامہ ڈان میں شائع ہوئی جسے محمد عبدالحارث نے اردو قالب میں ڈھالا ہے۔