وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے بارش کے باعث کراچی کی ہونے والی صورتحال پر صوبائی حکومت پیپلز پارٹی پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ بہت ہوگیا، اہل کراچی سے وعدہ ہے اب خاموش نہیں بیٹھوں گا کیوں کہ اس وقت کیا راستہ بچتا ہے جب صوبائی حکومت عوام کے مفادات پر ہی ضرب لگانا شروع کر دے۔
علی زیدی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے جان بوجھ کر شہر کو تباہ کر کے پاکستان کو معاشی نقصان سے دوچار کرنے کی کوشش کی ہے، یہ بلا جھجک و احساسِ ندامت برسوں تک ہمیں لوٹتی آئی ہے اور اس سے صاف نظر آرہا ہے کہ پیپلز پارٹی کراچی سے بدلہ لے رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک پاکستان ان مجرموں سے نجات حاصل نہیں کرتا ہم اپنی حقیقی صلاحیتوں سےفائدہ نہیں اٹھا سکتے، لہذا جب تک ان مجرموں سے چھٹکارا نہیں ملتا ہم ایک قدم آگے اور 2 قدم پیچھے ہٹتے رہیں گے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کراچی کی منظم تباہی کا معاملہ وزیراعظم کے سامنے رکھوں گا کیوں کہ وزیراعظم نے ہمیشہ کراچی کے بارے میں گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور وزیراعظم نے آئین کے مطابق صوبوں کو آزادی سے کام کرنے کا موقع دیا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا تاہم شاہراہوں پر پانی جمع ہو نے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، بارش کے باعث کرنٹ لگنے سمیت مختلف واقعات میں 5 افراد بھی جاں بحق ہوئے۔