چین نے پاکستان کا 2 ارب 40 کروڑ ڈالر کا قرضہ رول اوور کردیا: اسحاق ڈار

08:59 AM, 27 Jul, 2023

نیا دور
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ چین نے پاکستان کے ذمہ 2.4 ارب ڈالر کا قرضہ رول اوور کردیا۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا کہ چین نے پاکستان کا 2 ارب 40 کروڑ ڈالر کا قرضہ رول اوور کردیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چین کی جانب سے قرض کی اصل رقم رول اوور کی گئی ہے۔

اسحاق ڈار نے لکھا کہ چین کے ایگزم بینک نے ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کا قرضہ 2023-24 کے لیے اور ایک ارب 20 کروڑ ڈالر کا قرضہ 2024-25 کے لیے رول اوور کردیا ہے۔

وزیر خزانہ کے مطابق پاکستان کو ان دونوں برسوں میں صرف سود کی ادائیگی کرنا ہوگی۔

https://twitter.com/MIshaqDar50/status/1684429007985561600?s=20

گزشتہ روز چین نے پاکستان کیلئے 2 ارب 10 کروڑ ڈالرز قرض ادائیگی 2 سال کیلئے مؤخر کرنے کا اعلان کیا تھا۔اس حوالے سے چین کے ایگزم بینک نے باضابطہ طور پر پاکستان کو خط لکھ کر آگاہ کیا تھا۔

وفاقی حکومت نے قرضہ رول اوور  کرنے کے لئے ازسرنو شرائط و ضوابط کی منظوری دے دی۔ قرضے پر پاکستان کو اضافی سود ادا نہیں کرنا پڑے گا۔

حکومتی ذرائع نے کہا کہ پاکستان اصل معاہدے کے مطابق چین کو قرضے کی رقم ادا کرے گا۔ تمام 31 قرض معاہدوں کی مدت میں 21 جولائی 2023 سے30جون 2025 تک توسیع کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ چین نے 18 جولائی کو پاکستان کے 60 کروڑ ڈالر رول اوور کیے تھےجس کی تصدیق وزیراعظم شہباز شریف نے کی تھی۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دوست ممالک کی معاونت سے معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں،چین نے پاکستان کو 600 ملین ڈالر رول اوور کیے ہیں جس سے پاکستان کے ذخائر میں 600 ملین ڈالرکا اضافہ ہوا۔

31 مارچ کو سینیٹ میں اظہارخیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بتایا تھا کہ پاکستان کا چین کے ساتھ سیف ڈپازٹ اور کمرشل بینکس سے بزنس ہے، دو ارب ڈالرز 23 مارچ کو رول اوور ہونے تھے، اس بات کی تصدیق کرنے میں خوشی ہے یہ رقم رول اوورہوگئی ہے۔
مزیدخبریں