کرونا بری طرح پھیل چکا، اگر یوں ہی رہا تو سخت ترین پابندیوں کی طرف نہ چاہتے ہوئے بھی جائیں گے، اسد عمر

12:05 PM, 27 Mar, 2021

نیا دور


نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر ( این سی او سی) کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں اسد عمر نے کہا کہ کرونا کی وجہ سے دو ہفتے پہلے پابندیوں میں اضافہ کیا تھا، ہم پابندیاں خوشی سے نہیں لگاتے، اب ملک میں کرونا تیزی سے پھیل رہا ہے اور خطرناک حد تک پھیل چکا ہے، اس کی وجہ برطانیہ میں سامنے آنے والا نیا وائرس ہے۔ انہوں نے سخت ترین پابندیوں کی جانب جانے کا عندیہ دیا ہے۔


انہوں نے کہا وبا کے اس پھیلاؤ کی وجہ کا ٹھوس جواب سائنس میں ہی ملے گا تاہم جو ہمیں نظر آرہا ہے وہ یہ وائرس کی مختلف اقسام، بالخصوص برطانوی قسم پاکستان میں موجود ہے جو زیادہ تیزی سے پھیلتی ہے اور زیادہ مہلک بھی ہے وہ وبا کے پھیلاؤ میں اچانک تیزی آنے کی بڑی وجہ بنی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے خطے کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا، جس میں ہمیں یہ نظر آیا کہ وبا کا نیا پھیلاؤ صرف پاکستان تک محدود نہیں بلکہ پورے خطے میں جاری ہے.

کرونا وائرس کی تیسری لہر میں تیزی سے اضافے کے باعث حکومت پنجاب نے صوبے کے سرکاری ہسپتالوں کو ہائی الرٹ کردیا، بالخصوص صوبائی دارالحکومت لاہور میں مثبت کیسز کی شرح 16 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
مزیدخبریں