برطانیہ: چارلی ہیبڈو کے گستاخانہ خاکے دیکھانے پر مسلمانوں کا احتجاج، سکول نے استاد فارغ کردیا

01:34 PM, 27 Mar, 2021

نیا دور
برطانوی میڈیا کے مطابق ویسٹ یارک شائر کے علاقے میں واقع ایک سکول میں مبینہ توہین رسالت کا  واقعہ پیش آیا ہے جس پر طلبہ کے والدین اور مسلم کمیونٹی کی جانب سے شدید احتجاج کیا گیا۔

باٹلے گرائمر سکول کے استاد پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنی کلاس میں سبق کے دوران متنازع فرانسیسی میگزین چارلی ہیبڈو کے شائع کردہ گستاخانہ خاکے دکھائے تھے۔ واقعہ کے خلاف طلبہ، ان کے اہلخانہ اور مسلم کمیونٹی کی جانب سے شدید احتجاج سامنے آیا۔ سکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ٹیچر کو اس حرکت پر برخاست کر دیا گیا ہے جبکہ واقعہ کی مزید انکوئری کی جاری ہے۔ افسوناک واقعہ کے بعد سکول انتظامیہ نے بچوں کو چھٹی دیدی ہے اور سکول کو فی الحال بند کر دیا ہے۔ سکول انتظامیہ کی جانب سے اضافی سکیورٹی کا بندوبست بھی کیا گیا ہے۔

سکول انتظامیہ نے اپنے پیغام میں واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ ٹیچر کو نوکری سے برخاست کر دیا گیا ہے، سکول انتظامیہ بین مذاہب ہم آہنگی پر یقین رکھتی ہے، اور ایسے ناخوشگوار واقعے پر معذرت خواہ ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں گستاخانہ خاکوں پر یورپی ملک فرانس کیخلاف بھی دنیا بھر میں شدید احتجاج دیکھنے میں آیا تھا اور مسلم دنیا میں فرانسیسی اشیاء کے بائیکاٹ کی مہم روز پکڑ گئی تھی۔
مزیدخبریں