چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بنچ آج دوپہر دو بجے سماعت کرے گا۔ جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر،جسٹس امین الدین خان اور جسٹس جمال خان مندوخیل بنچ میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ 25 مارچ کو پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کی طرف سے انتخابات ملتوی کرنے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی ۔
پی ٹی آئی نے الیکشن تاریخ کی تبدیلی کے خلاف مشترکہ آئینی درخواست عدالت عظمی میں دائر کی تھی۔
سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان، سپیکر کے پی کے اسمبلی مشتاق غنی نے آئینی درخواست دائر کی۔ تحریک انصاف سیکرٹری جنرل اسد عمر، میاں محمود الرشید اور عبد الرحمان بھی مشترکہ درخواستگزاروں میں شامل ہیں۔
آئینی درخواست میں وفاق، پنجاب، خیبرپختونخوا، وزارت پارلیمانی امور وزارت قانون اور کابینہ کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں نگران وزیراعلیٰ اور چیف سیکریٹری پنجاب کو بھی فریق بنایا گیا۔
تحریک انصاف کی مشترکہ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کا انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ الیکشن کمیشن نے آئینی مینڈیٹ اور عدالت کے فیصلے سے انحراف کیا۔ الیکشن کمیشن کو شیڈول کے مطابق 30 اپریل کو الیکشن کرانے کا حکم دیا جائے۔
درخواست کے مطابق وزیراعظم اور دیگر فریقین عدالتی الیکشن سے متعلق حکم کی تعمیل نہ کر کے عدالت کی توہین کر رہے ہیں۔