سندھ کے ضلع جیکب آباد میں بظاہر غیرت کے نام پر ایک صحافی قتل

09:40 AM, 27 May, 2020

نیا دور
سندھ کے ضلع جیکب آباد میں ایک صحافی کو قتل کر دیا گیا، ذوالفقار علی پر فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی صحافیوں سمیت بڑی تعداد میں لوگ ہسپتال پہنچ گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع جیکب آباد کے تعلقہ گڑھی خیرو کے دوداپور ٹاؤن میں بظاہر غیرت کے نام پر ایک صحافی کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔

واقعے کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا کہ کچھ مسلح افراد ایک بیوہ کے گھر میں اس وقت داخل ہوئے جب سندھی روزنامہ کوشش کے رپورٹر ذوالفقار علی مندرانی وہاں موجود تھے۔ اس موقع پر مسلح افراد نے صحافی پر فائرنگ کی جس سے وہ شدید زخمی ہوگئے۔

علاقہ پولیس کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی مندرانی جو ایک پرائمری سکول میں بطور ٹیچر بھی فرائض انجام دے رہے تھے ان کے سر پر گولی کے زخم آئے جبکہ حملہ آور جرم کے بعد وہاں سے فرار ہوگئے۔

دوسری جانب علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی مندرانی اس وقت تک وہاں خون میں لت پت پڑے رہے جب تک ان کے کچھ رشتے دار واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد خاتون کے گھر تک نہیں پہنچ گئے۔ بعد ازاں انہیں لاڑکانہ کے چاندکا میڈیکل کالج ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئے۔

علاوہ ازیں پولیس نے تفتیش کے لیے مشتبہ افراد ریاض ڈیو اور نذیر ڈیو کو حراست میں لے لیا۔

پولیس نے دعویٰ کیا کہ ریاض ڈیو نے اپنی برادری کی خاتون کے ساتھ غیرازدواجی تعلقات قائم کرنے پر ذوالفقار علی مندرانی پر فائرنگ کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار مشتبہ افراد سے آلہ قتل ٹی ٹی پستول کو برآمد کر لیا گیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس جیکب آباد بشیر احمد بروہی نے مقامی صحافیوں کو بتایا کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ غیرت کے نام پر قتل کا واضح کیس ہے، تاہم واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔

یاد رہے کہ فروری میں سندھ کے ضلع نوشہروفیروز میں صحافی عزیز میمن کو قتل کر دیا گیا تھا، جس کا وزیراعلیٰ سندھ نے نوٹس بھی لیا تھا۔ عزیز میمن سندھی نیوز چینل ’کے ٹی این‘ اور اخبار ’کاوش‘ سے وابستہ تھے اور فروری کے وسط میں ان کی لاش نوشہرو فیروز کے نواحی شہر محراب پور کی ایک نہر سے برآمد ہوئی تھی۔
مزیدخبریں