پاکستانی اداکارہ و ماڈل عظمیٰ خان اور ان کی بہن ہما خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں انہیں ایک خاتون کی جانب سے ہراساں کیا جا رہا ہے اور دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ ویڈیو میں خاتون عظمیٰ خان اور ان کی بہن پر چلا رہی ہیں، جس کے باعث دونوں بہنیں کافی ڈری سہمی نظر آرہی ہیں اور اپنے سامنے کھڑی خاتون سے کہہ رہی ہیں ’’آنٹی بس آخری موقع دے دیں‘‘۔ جس پر سامنے کھڑی خاتون جن کا چہرہ نظر نہیں آرہا آنٹی کہنے پر بھڑک جاتی ہیں اور کہتی ہیں آنٹی کس کو کہہ رہی ہو میں تم سے 6 سال بڑی ہوں۔
ویڈیو میں خاتون ان دونوں بہنوں سے کسی عثمان نامی شخص کے بارے میں سوالات کرتے ہوئے ان پر الزام لگاتی ہیں اور کہتی ہیں سچ بتا دو تم عثمان کے ساتھ کیا کرتی تھیں۔ تاہم یہ دونوں بہنیں اس پورے واقعے کے دوران کافی ڈری سہمی نظر آئیں اور عظمیٰ خان کہہ رہی ہیں عثمان کے ساتھ کچھ بھی نہیں ہوا اور ویڈیو یہیں ختم ہوجاتی ہے۔
اب اداکارہ عظمٰی خان نے پولیس سٹیشن میں اس واقعے پر ایف آئی آر درج کروانے کے لیے ابتدائی درخواست جمع کروا دی ہے۔ عظمیٰ خان نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ آدھی رات کو 12 مسلح افراد کے ہمراہ ان کے گھر پر حملہ کرنے والی خواتین پاکستان کے سب سے بڑے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کی بیٹیاں (امبر ملک اور پشمینہ ملک) تھیں۔
اداکارہ عظمیٰ خان نے کہا کہ میری عزت نفس مجروح کی گئی، مجھے ہراساں کیا گیا اور قتل کرنے کی دھمکیاں دی گئی ہیں۔ اب میرے پاس کھونے کے لیے کچھ نہیں ہے، اور میں نے ملک کے طاقتور ترین لوگوں کے خلاف لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب یا تو انصاف ہوگا یا مجھے مار دیا جائے گا، یہاں سے واپسی کا کوئی راستہ نہیں۔
اداکارہ نے اپنی لیگل ٹیم کے ہمراہ بھی ایک تصویر شئیر کی۔
دوسری جانب ٹویٹر پر موجود بے نامی اکاؤنٹس سے ہمیشہ کی طرح عظمیٰ خان پر حملہ کرنے والوں کے حق میں ٹویٹس کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اداکارہ عظمیٰ خان نے 2013 میں ریلیز ہونے والی فلم وار سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا تھا بعد ازاں وہ ہمایوں سعید کے ساتھ سپر ہٹ فلم جوانی پھر نہیں آنی، اور جوانی پھر نہیں آنی2، تیری میری لو اسٹوری اور یلغار میں بھی اداکاری کے جوہر دکھاچکی ہیں۔
https://youtu.be/2196vBcMKn0