پتوکی میں ڈاکوؤں کی باپ کے سامنے 15 سالہ بیٹی سے مبینہ زیادتی

07:01 AM, 27 May, 2022

نیا دور
قصور کی تحصیل پتوکی میں 2 ڈاکوؤں نے باپ کو باندھ کر اس کے سامنے 15 سالہ بیٹی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔

پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزموں کی تلاش شروع کردی، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔

آئی جی پنجاب راؤ سردار نے ڈی پی او کو خود موقع پر جاکر تفتیش کرنے کی ہدایت کردی۔

پولیس کے مطابق ظہور احمد گزشتہ رات ساڑھے 9 بجے اپنی 15 سالہ بیٹی اور 5 سالہ بیٹے کے ساتھ شادی سے واپس آرہا تھا، پتوکی چونیاں بائی پاس پر 2 ڈاکو انہیں روک کر کھیتوں میں لے گئے۔

جہاں ملزموں نےظہور احمد کو رسیوں سے باندھ کر اس کے سامنے بیٹی سے مبینہ طور پر زیادتی کی، ان سے 7 ہزار روپے نقدی، بالیاں اور لڑکی کا موبائل فون چھینا اور اپنی موٹرسائیکل وہیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔

پولیس نے لڑکی کا طبی معائنہ کرواکے زیادتی اور ڈکیتی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس اور فارنزک ٹیموں نےشواہد جمع کرکے ملزموں کی تلاش شروع کر دی، ملزموں کے زیرِاستعمال موٹرسائیکل بھی چوری کی نکلی۔
مزیدخبریں