نیا دور ٹی وی کے پروگرام ''خبر سے آگے'' انہوں نے عمران خان کے لانگ مارچ، ملکی معیشت، آئی ایم ایف کیساتھ پروگرام کی بحالی اور آئندہ کے سیاسی منظر نامے پر اپنا تجزیہ پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ناممکن ہے کہ عمران خان 6 دن بعد دوبارہ اسلام آباد پر چڑھائی کردیں۔ اس کیلئے انھیں اپنے کارکنوں میں دوبارہ سے مومینٹم بنانا ہوگا۔ اگلی کوشش ستمبر میں ہی ہو سکتی ہے، جب موسم تھوڑا بہتر ہو جائے گا۔ یہ 6 دنوں کا الٹی میٹم تو گیدڑ بھبکیاں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات کا میدان جنگ صوبہ پنجاب ہے لیکن یہاں عمران خان کا شو بری طرح ناکام ہوا۔ اس صوبے کے باسیوں نے جس طریقے سے ان کیساتھ سرد مہری کا سلوک کیا اور لاہور کی عوام جس طرح موبلائز نہیں ہوئے، وہ عمران خان کیلئے ایک بہت بڑی وارننگ ہے۔
ضیغم خان کا کہنا تھا کہ اس وقت معیشت کی بحالی کیلئے ون پوائنٹ ایجنڈا یہ ہے کہ آئی ایم ایف کیساتھ قرض کے حصول کیلئے معاہدہ ناگزیر ہے۔ کیونکہ اگر ایسا نہیں ہوتا تو پاکستان کے پاس اتنی رقم نہیں ہوگی کہ وہ جولائی میں ملکی ضروریات کیلئے تیل خرید سکے۔ اس کے علاوہ پاکستانی کرنسی کی قدر میں شدید گراوٹ آ سکتی ہے۔ اگر ایسا ہوا تو اسے آسانی سے سنبھالا نہیں جا سکے گا۔ اس وقت چیلنج یہی ہے کہ پاکستان کو تباہ کن معاشی صورتحال سے بچانے کیلئے آئی ایم ایف کیساتھ پروگرام کو دوبارہ بحال کیا جائے۔ آئی ایم ایف ہماری معیشت کی سرجری کر سکتا ہے۔ اس میں بہتری لانا ہمارا کام ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اقتدار سے جاتے جاتے جو بم ہماری معیشت پر پھینکا وہ انتہائی بڑی زیادتی تھی۔ ہمیں ان کے سیاسی مفاد سے نہیں بلکہ اس ملک سے سروکار ہے۔ پی ڈی ایم حکومت بھی اپنے شوق سے اقتدار میں آئی ہے۔ ان کو آئی ایم ایف کیساتھ معاہدے کے تحت جو سخت فیصلے لینا پڑ رہے ہیں، اس سے ہونے والا نقصان ان کا مسئلہ ہے، ہمیں بس یہ چیز چاہیے کہ وہ معیشت کو سنبھالیں۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ وہ یہ قیمت دینے کو تیار ہو چکے ہیں۔ اس کیلئے پہلا ضروری قدم انہوں نے اٹھا لیا ہے۔
پروگرام میں شریک مہمان مزمل سہروردی نے کہا کہ پاکستان کا آئین اور قانون بنانے والوں کے وہم وگمان میں بھی نہیں تھا کہ ملک میں اس قدر نااہل حکومت بھی آ جائے گی۔ ہم نے کرپٹ اور برے لوگوں کا تو سوچا تھا لیکن اتنے نااہل لوگوں کا آنا ہمارے وہم وگمان میں بھی نہیں تھا۔
مزمل سہروردی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خراب معیشت کی جو بارودی سرنگیں بچھائیں وہ ن لیگ کیلئے نہیں بلکہ پاکستان کیلئے ہیں۔ اس کیلئے ملکی آئین میں کوئی سزا ہی نہیں ہے؟ وہ پاکستان کو ڈیفالٹ کے کنارے پر کھڑا کرکے آئی ایم ایف کیساتھ اہم معاہدہ توڑ کر چلا گیا۔