سست روی قطعا برادشت نہیں، تعمیراتی کاموں کو مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر مکمل کیا جائے: محسن نقوی

09:33 AM, 27 May, 2023

حسن نقوی
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سمن آباد انڈرپاس پراجیکٹ اور پونچھ ہاؤس کا دورہ کیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سمن آباد انڈرپاس منصوبے کے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا اور پراجیکٹ پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کاموں میں سست روی قطعا برادشت نہیں کروں گا۔ منصوبے کی تکمیل میں ایک دن کی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ منصوبے کو مقرر کردہ ڈیڈ لائن کے اندر ہر صورت مکمل کیا جائے اور دن رات کام کر کے عوامی سہولت کے اس منصوبے کو پایہ تکمیل پہنچایا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کاموں میں اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے۔ تعمیراتی کاموں کے دوران ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے بہترین مینجمنٹ کی جائے۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پونچھ ہاؤس کی تزئین و آرائش کے منصوبے کا معائنہ کیا اور منصوبے کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ نگران وزیراعلیٰ کو سمن آباد انڈر پاس پراجیکٹ اور پونچھ ہاؤس کی تزئین وآرائش کے منصو بے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔چیف سیکرٹری، سیکرٹری تعمیرات و مواصلات، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

علاوہ ازیں نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کا 23 واں اجلاس منعقد ہوا۔

چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے حکام اور اعلیٰ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر بہاولپور ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں اتھارٹی سے متعلق امور کا جائزہ،بہاولپور، لودھراں سپیڈو بس سروس کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی گئی۔ بہاولپور، لودھراں بس سروس کیلئے پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے ذریعے پرائیویٹ کنٹریکٹر کی خدمات حاصل کرنے کی اصولی منظوری دی گئی۔ بہاولپور شہر میں ٹرانسپورٹ سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں میٹرو بس سروس اور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے سٹیشنز کیلئے بزنس ماڈ ل کی اصو لی منظوری دی گئی۔

میٹرو بس سروس اور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے سٹیشن پر سٹال، شاپس، اے ٹی ایم اور وینڈنگ مشینیں نصب کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا جبکہ سٹیشنز اور روٹ پر ڈیجیٹل سٹیمر، گلاس بورڈ اور دیگر اشتہارات کے دیگر ٹولز متعارف کرانے پر مشاورت بھی ہوئی۔ اجلاس میں اسلام آباد، راولپنڈی میٹروبس سے متعلق امور کا بھی جائزہ  لیاگیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ محسن نقوی  کا کہنا تھا کہ عوام کو معیاری اور محفوظ سفر کی فراہمی ترجیح ہے۔
مزیدخبریں