اردن کی شہزادی سارا زید کوئٹہ میں کیا کر رہی ہیں؟

09:03 AM, 27 Nov, 2019

نیا دور
اردن کی شہزادی سارا زید نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان کا دورہ کیا، انہوں نے کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان علیانی سے ملاقات کی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کے ساتھ ملاقات کے دوران شہزادی نے ماؤں اور بچوں کی غذائیت، صحت، ویکسینیشن اور قوت مدافعت کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔



واضح رہے کہ اردن کی شہزادی سارا زید اقوامِ متحدہ کی مشیر خاص برائے ورلڈ فوڈ پروگرام کی حیثیت سے ماؤں اور بچوں کی صحت اور غذائیت کے حوالے سے پاکستان کے دورے پر ہیں۔

ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان نے شہزادی سارا زید کو بتایا کہ ہم صحت اور تعلیم کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے بلوچستان حکومت کی جانب سے صوبے میں بیماریوں کے خاتمے کے لیے انسداد پولیو مہم اور ویکسین پروگرام سے بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر شہزادی سارا زید نے ماؤں اور بچوں کی صحت کے سلسلے میں صوبائی حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔

اس ملاقات میں بلوچستان کے صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری، پارلیمانی سیکرٹری بشریٰ رند اور ڈبلیو ایف پی کے کنٹری ڈائریکٹر فنبر کرن بھی موجود تھے۔

یاد رہے کہ 2 ماہ کے عرصے کے دوران غیر ملکی شاہی خاندان کی شخصیات کا یہ پاکستان کا تیسرا دورہ ہے۔ اس سے قبل برطانیہ کے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن 5 روزہ دورے پر پاکستان آئے تھے جس کے بعد نیدر لینڈز کی ملکہ نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا۔
مزیدخبریں