انڈین میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ بھارتی ریاست بھوپال میں پیش آیا۔ خود کشی کا انتہائی اقدام اٹھانے والے خاندان کا سربراہ ایک موٹر مکینک ہے۔ خود کشی سے قبل تمام لوگوں نے ایک ویڈیو بنائی جبکہ دیوار اور پیپر پر ایک نوٹ بھی لکھا۔
بتایا جا رہا ہے کہ تمام افراد نے کولڈ ڈرنک میں زہر ملا کر ناصرف خود پیا بلکہ اپنے پالتو کتے کو بھی پلایا۔ اس دردناک واقعے میں مکینک کی بیٹی اور اس کی والدہ کی موت ہو چکی ہے جبکہ متاثرہ خاندان کا سربراہ، اس کی اہلیہ اور ایک اور بیٹی ہسپتال میں انتہائی تشویشناک حالت میں زیر علاج ہیں۔
خود کشی کرنے والے خاندان نے زہر پینے سے قبل دیوار پر تحریر لکھی جس میں اپنی مجبوریوں کا ذکر کیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جوشی خاندان آنند وبار کی کالونی میں رہائش پذیر تھا۔ اس خاندان کے پانچ افراد نے زہریلی چیز پی کر خود کشی کی کوشش کی۔
پولیس حکام کے مطابق اطلاع ملنے پر متاثرہ افراد کو ہسپتال پہنچایا گیا لیکن دو افراد جانبر نہ ہو سکے۔ مرنے والوں کی شناخت پوروی جوشی اور نندنی جوشی کے نام سے ہوئی ہے۔ جائے وقوعہ سے برآمد ہونے والے نوٹ اور موبائل سے ملنے والی ویڈیو کا جائزہ لیتے ہوئے تفتیش کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
انڈین میڈیا کے مطابق اس بدنصیب خاندان کے محلے داروں اور عزیزوں کا کہنا ہے کہ ان کی مالی حالت نارمل تھی تاہم گھر کا سربراہ قرض کے بوجھ سے پریشان رہتا تھا۔ مکان بھی گروی پر تھا جس کی وجہ سے انہیں ادائیگی میں مشکلات کا سامنا تھا۔ خود کشی نوٹ میں لکھا ہوا ہے کہ قرض دار بار بار رقم کی ادائیگی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔