آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف اور ان کے اہل خانہ کے اثاثوں سے متعلق سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اعداد و شمار کو گمراہ کن ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ گمراہ کن اعداد و شمار مفروضوں کی بنیاد پر بڑھا چڑھا کر پیش کیے گئے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایک خاص گروپ نے نہایت چالاکی و بددیانتی کے ساتھ جنرل باجوہ کی بہو کے والد (سمدھی) اور فیملی کے اثاثوں کو آرمی چیف اور خاندان سے منسوب کیا۔ یہ سراسر غلط تاثر دیا جا رہا ہے کہ یہ اثاثے آرمی چیف جنرل باجوہ کے چھ سالہ دور میں ان کے سمدھی کی اہل خانہ نے بنائے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے یہ قطعی طور پر حقائق کے منافی اور کھلا جھوٹ اور بدنیتی پر مبنی ہے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ان کی اہلیہ اور خاندان کا ہر اثاثہ ایف بی آر میں باقاعدہ ڈکلیئرڈ ہے۔ آرمی چیف و خاندان باقاعدگی سے ٹیکس ریٹرن فائل کرتے ہیں۔
آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ ہر شہری کی طرح آرمی چیف اور ان کی فیملی ٹیکس حکام کے سامنے اپنے اثاثہ جات سے متعلق جواب دہ ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل تحقیقاتی نیوز ویب سائٹ ’فیکٹ فوکس‘ کی جانب سے شائع کی گئی رپورٹ میں مبینہ طور پر ٹیکس گوشواروں اور ویلتھ اسٹیٹمنٹ کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا تھا کہ آرمی چیف کے خاندان نے مبینہ طور پر گزشتہ 6 برسوں میں اربوں روپے کمائے۔