جن کے قلم میں غیرت تھی، ایسے لوگ نایاب ہوتے ہیں۔ زندگی اپنے اصولوں پر جی گئے۔
عالمِ ارواح میں بیٹھ کر حسین نقی، ڈاکٹر مبشر حسن اور آئی اے رحمان دیکھ رہے ہیں۔ لاہور تو ویران ہو گیا۔ لاہور سے اس کا ضمیر کھو گیا۔ اب زمین بنجر ہے۔
حسین نقی پاکستان کی صحافت کا ضمیر تھے۔ جب چوہدری پرویز الٰہی نے لاہور پریس کلب کے اراکین کے لیے ہاؤسنگ سوسائٹی بنانے کا اعلان کیا تو واحد دو اراکین حسین نقی اور آئی اے رحمان تھے جنہوں نے پلاٹ لینے سے انکار کر دیا۔ ان دونوں کا موقف تھا کہ ہم فوجی جنرل پرویز مشرف کی حکومت کو غیر قانونی اور غیر آئینی سمجھتے ہیں، ان کے وزیر اعلیٰ سے پلاٹ کیسے لے سکتے ہیں؟ یہ ایک ایسا حرفِ انکار تھا جو ہر کسی کے نصیب میں نہیں ہوتا۔ وہ خاص لوگ ہوتے ہیں جو اس جراتِ اظہار پر یقین رکھتے ہیں۔
میری زندگی کے وہ چند سال بہت اہم ہیں جب میں ڈاکٹر مبشر حسن کے گھر شام کو باقاعدگی سے جایا کرتا تھا۔ ہفتے میں کم از کم دو بار حسین نقی اور آئی اے رحمان وہاں ضرور آیا کرتے تھے۔ جب یہ تینوں، ڈاکٹر مبشر حسن، آئی اے رحمان اور حسین نقی، گفتگو شروع کرتے تھے تو یوں لگتا جیسے تین درویش اپنا اپنا موقف کسی مدعا پر بیان کر رہے ہوں۔ دل چاہتا تھا وقت تھم جائے اور میں ان تین بزرگ فلسفیوں کی گفتگو کو کونے میں بیٹھے طفلِ مکتب کی طرح سنتا رہوں۔ میں نے کبھی دخل اندازی کی جرات نہیں کی تھی، صرف ان کو سنا اور خوب علم کے موتی بھر بھر کر جھولی میں ڈالے۔
میں جب ڈیجیٹل میڈیا، سخن، کا حصہ تھا تب میں نے اور میرے ساتھی وقاص عزیز نے ان کا تفصیلی انٹرویو کیا تھا۔ یہ سخن کا اعزاز تھا جس نے پہلی بار حسین نقی کو ڈیجیٹل دنیا میں لایا اور ان کی باتوں کو یوٹیوب پر عام کیا۔ اس سے پہلے میں ان کا ایک طویل انٹرویو ہفت روزہ ہم شہری کے لیے بھی کر چکا تھا۔
نقی صاحب اصولوں کے آدمی تھے۔ انہوں نے جامعہ کراچی کی طلبا یونین کی صدارت اور اپنی تعلیم کو تین بلوچ طلبا کے حقوق کے لیے چھوڑ دیا۔
لکھنؤ، کراچی اور لاہور، یہ تین شہر ان کے تھے جہاں ان کا وقت گزرا۔ لکھنؤ پیدائش اور ابتدائی تعلیم کا شہر، کراچی طلبا، ٹریڈ یونین اور صحافت کا شہر، اور لاہور بھرپور صحافت اور انسانی حقوق کے علم بردار بننے کا شہر۔ ان تینوں شہروں کے دشت کی خاک چھان کر حسین نقی بنا، جسے دنیا آج فخر سے یاد رکھتی ہے۔
حسین نقی نے جنگ گروپ کے انگریزی اخبار، دی نیوز، کی بنیاد رکھی، پھر میر شکیل کی بے جا مداخلت پر اخبار چھوڑ دیا۔ پاکستان کا کوئی بھی صحافی میر شکیل کو نہ کہنے کی جرات نہیں رکھتا، مگر حسین نقی نے ادھر بھی حرفِ انکار کا پرچم بلند رکھا۔
نقی صاحب اہلِ زبان تھے، لکھنؤ کے بانکے تھے، مگر انہوں نے لاہور سے پنجابی اخبار، سجن، کا بھی اجرا کیا۔ اس پر ان کا موقف خاصا دلچسپ تھا۔ کہتے تھے:
"اردو کی پیدائش یوپی کی ہے، مگر ترویج پنجاب نے کی ہے۔ اب میں پنجابی اخبار نکال کر پنجاب کا شکریہ ادا کر رہا ہوں۔"
ایک دوسرے اہلِ زبان ڈاکٹر مبشر حسن بھی پنجابی اخبار کے ابتدائی چندہ دینے والوں میں سے ایک تھے۔
اس وقت صحافت پابندِ سلاسل ہے۔ تمام صحافی تنظیمیں اور پریس کلب، اخبار، ٹی وی، ریڈیو، نیوز چینلز وزارتِ اطلاعات و نشریات کے اشتہارات اور ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے شکنجے میں جکڑے ہوئے ہیں۔ جو لوگ پیکا ایکٹ کو قبول کر چکے ہوں، وہ حسین نقی کی جراتِ اظہار اور حرفِ انکار کی گرد تک بھی نہیں پہنچ سکتے۔
نقی صاحب آخری دم تک مزاحمت کرتے رہے۔ وفات سے ایک روز قبل صحافی اور شاعر احمد فرہاد کی کتاب، سر کٹنے کا موسم، کی تقریبِ رونمائی میں بغاوت کا علم بلند کر کے آئے تھے۔
میری نقی صاحب سے بہت زیادہ ملاقاتیں رہیں، مگر ایک جملہ جو میرے لیے سند ہے اور آج بھی میرے کانوں میں گونج رہا ہے، ایک دن انہوں نے کہا تھا:
"تمہارے ابا خواجہ جمیل احسان اور میں چند دن جنرل ضیا الحق کے دور میں ایک ہی جیل میں رہے تھے۔"