نکاح نامے میں ختم نبوت کا حلف شامل کرنے کی قراردادمنظور

10:09 AM, 27 Oct, 2021

نیا دور
پنجاب اسمبلی میں نکاح نامے کے فارم میں ختم نبوت کا حلف شامل کرنے کی قرارداد متفقہ منظور کر لی گئی۔

اجلاس کے آغاز پر سپیکر پرویزالٰہی نے کہا پنجاب اسمبلی نے قرآن ایکٹ اور ختم نبوت کے متعلق قانون متفقہ طور پر پاس کیا تھا، اب بہت سے ایسے کیسز سامنے آ رہے ہیں کہ شادی کے بعد دلہا قادیانی نکلتا ہے ، اس کے سدباب کیلئے نکاح نامے میں بھی ختم نبوت کا حلف نامہ شامل کرنا بہت ضروری ہے تاکہ نکاح ہونے سے پہلے ہی تمام شکوک و شبہات دور کر لیے جائیں۔

نکاح نامہ فارم میں ختم نبوت کے حلف نامے کا کالم شامل کرنے سے متعلق خدیجہ عمر، بسمہ چودھری اور مسلم لیگ ن کے مولانا الیاس چنیوٹی نے سپیکرسے مشترکہ طور پر قرارداد پیش کرنے کی اجازت طلب کی، قرارداد میں کہا گیا کہ مسلمان اور غیر مسلم (قادیانی وغیرہ)میں فرق واضح کرنے کیلئے نادرا فارم اور پاسپورٹ فارم میں مندرج حلف نامے کی طرز کا فارم نکاح نامے کے حلف میں بھی شامل کیاجائے۔

یہ حلف نامہ یوں ہے کہ

'میں مسلمان ہوں اور نبی حضرت محمد ﷺ کے آخری، حتمی اور غیر مشروط خاتم النبیین ہونے پر ایمان رکھتا/رکھتی ہوں،میں ایسے کسی بھی شخص کو نہیں مانتا/ مانتی جو محمدﷺ کے بعد لفظ نبی کی کسی بھی تشریح یا کسی بھی ممکنہ حوالے سے نبی ہونے کا دعویٰ کرے ، یا نبوت کے ایسے مدعی کو نبی یا مذہبی مصلح، یا مسلمان نہیں مانتا/ مانتی ہوں، میں مرزا غلام احمد قادیانی کو جھوٹا نبی سمجھتا/سمجھتی ہوں اور اس کے لاہوری یا قادیانی گروپ سے تعلق رکھنے والے پیروکاروں کو غیر مسلم سمجھتا/سمجھتی ہوں۔؛

بعد ازاں قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا، قبل ازیں وقفہ سوالات کو معطل کرتے ہوئے لیگی رکن نشاط احمد ڈاہا کی وفات کے باعث اجلاس کی کارروائی مختصر کی گئی، محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر خان، ممبر قومی اسمبلی پرویز ملک، ممبر پنجاب اسمبلی نشاط احمد ڈاہا کی وفات اور رحیم یار خان میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے افراد کیلئے دعا ئے مغفرت کی گئی۔

سابق ایم پی اے پیٹر گل کے انتقال پر ایوان میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، دوران اجلاس یونیورسٹی آف لاہور ترمیمی بل 2021، راشد لطیف خان یونیورسٹی بل 2021، دی پنجاب کمیونٹی سیفٹی میئرز اِن سپورٹس اینڈ ہیلتھ کلبز اور دی یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور 2021 بل ایوان میں متعارف کروا دئیے گئے ،سپیکر نے تمام بلز متعلقہ کمیٹیوں کو ریفر کرتے ہوئے دو ماہ میں رپورٹ طلب کر لی، سپیکر نے اجلاس آج صبح ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کر دیا۔
مزیدخبریں