بلین ٹری منصوبے میں کرپشن، پیپلز پارٹی کا نیب میں درخواست دائر کرنے کا فیصلہ

08:05 AM, 28 Apr, 2019

نیا دور
وزیراعظم عمران خان کی دورہ چین کے دوران اس وقت ایک بار پھر زبان پھسل گئی جب انہوں نے بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کے تحت ایک ارب کے بجائے پانچ ارب درخت لگانے کی بات کی۔ تاہم، حزب اختلاف کی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) تو یہ بھی تسلیم کرنے پر تیار نہیں ہے کہ آیا ایک ارب درخت لگائے بھی گئے ہیں کہ نہیں؟ اور اب پارٹی نے بلین ٹری منصوبے میں کرپشن کے خلاف قومی احتساب بیورو سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

پی پی پی خیبرپختونخوا کے صدر ہمایوں خان نے یوم مئی پرغریب عوام سے اظہار یکجہتی اور مہنگائی کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔

ہمایوں خان نے کہا، پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے وفد نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی ہے جنہیں صوبائی حکومت کے اس کرپشن سکینڈل کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مارگلہ پہاڑیوں پر ہریالی بڑھانے کے لیے ڈرون ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ

انہوں نے یہ بھی کہا، پی ٹی آئی حکومت گزشتہ چھ برسوں سے صوبے میں اس کرپشن سکینڈل میں ملوث رہی ہے تاہم حکومت نے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی۔

ان کا کہنا ہے، ہم نے حکومت کی اس مبینہ کرپشن کے بارے میں میڈیا کو آگاہ کر دیا ہے جب کہ اس حوالے سے نیب میں بھی درخواست دائر کریں گے اور ہم نے جس طرح بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے میں ہونے والی کرپشن کے خلاف درخواست دائر کی تھی تو یہ درخواست بھی اسی نوعیت کی ہو گی۔



ہمایوں خان نے کہا، صوبائی پارلیمانی کمیٹی بلین ٹری سونامی پراجیکٹ میں مبینہ کرپشن کے حوالے سے تحقیقات کر رہی ہے اور اس بارے میں جلد حتمی رپورٹ ترتیب دے دی جائے گی۔

انہوں نے کہا، یہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی نیب میں درخواست دائر کی جائے گی۔

ان کا کہنا ہے، یہ منصوبہ ایک ارب درخت لگانے کا ہے لیکن وزیراعظم عمران خان نے چین میں کہا، پانچ ارب درخت لگائے جا چکے ہیں جو حیران کن ہے۔

ہمایوں خان کے ساتھ پریس کانفرنس میں پیپلز پارٹی کے دیگر رہنمائوں میں سینیٹر روبینہ خالد اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی بھی شریک ہوئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پیپلز پارٹی کے رہنمائوں فرحت اللہ بابر، ہمایوں خان، روبینہ خالد، فیصل کریم کنڈی اور دیگر رہنمائوں نے اسلام آباد کے بلاول ہائوس میں پارٹی سربراہ بلاول بھٹو سے ایک نہایت اہم ملاقات کی تھی۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنمائوں کو ہر فورم پر پی ٹی آئی کی کرپشن کے خلاف آواز بلند کرنے کی ہدایت کی ہے۔

 
مزیدخبریں