وزیراعلیٰ پنجاب عثمان خان، بزدار قبیلے کے سردار منتخب

01:47 PM, 28 Apr, 2019

نیا دور
جنوبی پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان میں صوبے کے وزیراعلیٰ عثمان خان بزدار کو ایک تقریب میں بزدار قبیلے کا 9 واں سردار منتخب کر لیا گیا۔ دستاربندی کی یہ تقریب قبیلے کے ہیڈکوارٹر تمن بزدار میں منعقد ہوئی۔

یاد رہے کہ بزدار قبیلے کے آٹھویں سردار اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے والد سردار فتح محمد بزدار رواں ماہ یکم اپریل کو حرکت قلب بند ہو جانے کے باعث تونسہ شریف میں انتقال کر گئے تھے۔

بلوچ قبائل کی روایت کے مطابق، قبیلے کے وفات پا جانے والے سردار کا بڑا بیٹا جانشین قرار پاتا ہے اور اسے ہی اگلا سردار منتخب کیا جاتا ہے۔



تمن بزدار میں ہونے والی دستاربندی کی اس تاریخی تقریب میں سندھ اور بلوچستان میں مقیم بلوچ قبائل کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

سردار فتح محمد بزدار تین مرتبہ صوبائی اسمبلی کے رُکن منتخب ہوئے۔ وہ تدریس اور زراعت کے شعبوں سے بھی منسلک رہے۔

انہوں نے سوگواروں میں ایک بیوی، پانچ بیٹے اور چار بیٹیاں چھوڑی ہیں۔

سردار فتح محمد بزدار جنرل ضیاء الحق کی مجلس شوریٰ کے رُکن بھی رہے جب کہ 07-2003  تک سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور و اوقاف کے سربراہ رہے۔

مرحوم اپنے سیاسی کیریئر کے دوران مسلم لیگ نواز، مسلم لیگ (ق) کے علاوہ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ سے بھی منسلک رہے۔

 
مزیدخبریں