کرونا وائرس کو روکنے کیلئے ہندو نوجوان کی کالی ماتا کے نام پر قربانی، اپنی زبان کاٹ دی

10:47 AM, 28 Apr, 2020

نیا دور
ایک 24 سالہ بھارتی نوجوان کو حال ہی میں اس وقت ہسپتال منتقل کرنا پڑا جب اس نے کرونا وائرس کی عالمی وبا کے خاتمے کے لیے کالی ماتا کو اپنی زبان بطور قربانی پیش کی۔

بھارتی صوبہ گجرات میں سوئیگام سے تعلق رکھنے والے مجسمہ ساز ویویک شرما لاک ڈاؤن کے سبب اپنے آبائی گھر مدھیہ پردیش نہ جا سکنے کی وجہ سے کافی پریشان تھے۔ جس پر ویویک نے کالی ماتا کے مندر میں بطور قربانی اپنی زبان کاٹ لی تاکہ یہ وبا رک سکے۔

پچھلے ہفتے ویویک شرما سوئیگام میں بھوانی ماتا کے مندر کی توسیع کا کام کر رہے تھے۔ ان کے ساتھ 8 مجسمہ ساز مزید کام کر رہے تھے۔

انہوں نے اپنے ساتھیوں کو بتایا کہ وہ ایک کام سے بازار جا رہے ہیں۔ اس کے بعد وہ واپس نہ آئے۔ اُن کے ساتھیوں نے انہیں فون کیا تو ایک اجنبی نے فون اٹھایا اور بتایا کہ ویویک قریبی مندر میں بے ہوش پڑے ہیں اور اُن کی زبان کٹ چکی ہے۔

کالی ماتا کے نیداشواری مندر میں موجود پجاریوں نے انہیں تھراد کے ایک ہسپتال میں پہنچا دیا۔ ڈاکٹروں نے اُن کی زبان جوڑنے کی کوشش تو کی ہے لیکن ابھی تک اس کوشش کی کامیابی کے حوالے سے کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
مزیدخبریں