اسی سلسلے میں وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے جن اراکین نے ٹائپ شدہ کمپیوٹرائزڈ استعفے بنائے ہیں وہ غیر قانونی ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ان استعفوں کی کوئی حیثیت نہیں، ہاتھ سے تحریر کرنا ہوتا ہے کہ میں مسمی فلاں ولد فلاں حلقہ نمبر فلاں بغیر کسی دباؤ کے استعفیٰ دے رہا ہوں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کل مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی مرتضیٰ عباسی، اسپیکر کے پاس جائیں گے اور کہیں کہ میں نے تو استعفیٰ دیا ہی نہیں، یہ میں نے امیر مقام کو دیا تھا انہوں نے دشمنی میں اسپیکر تک پہنچا دیا۔ شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ مجھے پوری امید ہے اور خوشی ہے کہ اپوزیشن سینیٹ کے انتخابات میں حصہ لے گی اور دعویٰ کیا کہ پی ڈی ایم استعفوں پر دوبارہ غور کرے گی۔ یاد رہے کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے قومی وصوبائی آراکین اسمبلی اپنی قیادتوں کواستعفے جمع کروا رہے ہیں ۔