فوج انتخابات میں الیکشن کمیشن کو مطلوبہ تعاون فراہم کرے گی: کورکمانڈر کانفرنس

کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پرکام کرنے والے تمام دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کیخلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔

06:20 PM, 28 Dec, 2023

نیا دور

کورکمانڈر کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک فوج انتخابات میں الیکشن کمیشن کو تمام مطلوبہ اور ضروری تعاون فراہم کرے گی۔پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پرکام کرنے والے تمام دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کیخلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ جس میں فورسز اور شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اور کہا کہ شہدا نے ملک میں امن واستحکام کو یقینی بنانےکیلئے جانوں کی قربانیاں دیں۔

فورم کو فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی ۔ آرمی چیف نے آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے، ذہنی اور جسمانی شعبوں میں فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا۔  شرکاء نے شہدائے پاکستان سمیت ڈیرہ اسماعیل خان حملے کے شہداء کے ایصال و ثواب کیلئے بھی فاتحہ خوانی کی۔ 

فورم نے بالواسطہ اور بلاواسطہ خطرات کے خلاف پاکستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔ اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی مسلسل جبر اور انسانی حقوق کی قابل مذمت خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ 

کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم پرشدید تشویش کا اظہار اور بھارتی فوج کی اغوا، تشدد، قتل کی حالیہ کارروائیوں کی مذمت کی گئی۔

کانفرنس کے شرکا نے کہا کہ بھارتی فوج کی یہ کارروائیاں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم ہیں جو بہادر کشمیریوں کے جائز حق خوداردیت کے جذبے کو پست نہیں کرسکتیں۔ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کی بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہر طرح کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

فورم کو خطے کی صورتحال، قومی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور بڑھتے ہوئے خطرات کے جواب میں اپنی حکمت عملی کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔

کانفرنس کے شرکاء نے کالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر دہشتگرد گروپوں کی پڑوسی ملک میں محفوظ پناہ گاہوں، وہاں سے آزادی کیساتھ کارروائیوں اور جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی کو پاکستان کی سیکیورٹی کیلئے خطرہ قرار دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا۔

کانفرنس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پرکام کرنے والے تمام دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کیخلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی۔

فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور جنگی جرائم کی مذمت کرتے ہوئے غزہ میں فوری جنگ بندی اور جاری تنازعہ کے پرامن حل کے مطالبہ کے حکومتی موقف کا اعادہ کیا۔

فورم نے سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینے اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے تحت غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے جاری کوششوں کے لیے اپنی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

فورم نے سمگلنگ، منی لانڈرنگ، بجلی چوری اور دیگر غیر قانونی معاشی سرگرمیوں کے علاوہ ذخیرہ اندوزی کے خلاف جاری کارروائیوں کا بھی جامع جائزہ لیا گیا اور اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاک فوج ایسے جرائم کی روک تھام کے لیے متعلقہ سرکاری اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہر طرح کی مدد فراہم کرتی رہے گی۔

فورم نے کہا کہ پاک فوج آئندہ عام انتخابات میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مطلوبہ اور ضروری تعاون فراہم کرے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم کو فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے آپریشنز کے دوران پیشہ ورانہ مہارت کے معیار کو برقرار رکھنے، ذہنی اور جسمانی شعبوں میں فارمیشنز کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زور دیا۔

مزیدخبریں