سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ملاقات میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، فواد چوہدری کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے اینکر کو تھپڑ مارنے پر سراہا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ 'اس کو تھپڑ مار کر آپ نے بہترین کام کیا ہے'۔
جواب میں فواد چوہدری کہہ رہے ہیں کہ ریٹنگ کے لیےآپ کہہ رہے ہیں کہ میری فوٹیجز ہیں، میں نے اس کو کہا تمہارا اپنا کوئی گھربار نہیں ہے۔
ملاقات میں وزیر اطلاعات کے پی کے شوکت یوسفزئی اور وزیر اعلیٰ کے مشیر ضیا اللہ بنگش بھی موجود تھے۔ اس موقع پر شوکت یوسفزئی بھی فواد چوہدری کے عمل کی تائید کرتے نظر آرہے ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے گذشتہ ماہ ایک شادی کی تقریب کے دوران نجی ٹی وی چینل کے اینکر کو تھپڑ رسید کر دیا تھا۔ جس کے بعد دونوں گتھم گتھا ہو گئے تھے اور تقریب میں موجود دیگر شخصیات نے دونوں میں بیچ بچاؤ کرایا تھا۔
اس سے قبل گذشتہ سال جون میں بھی فواد چوہدری نے فیصل آباد میں ایک تقریب میں ایک ٹی وی اینکر کو تھپڑ مارا تھا۔