10 مئی سے قبل انقلاب لایا جا رہا ہے، وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا دعویٰ

03:27 PM, 28 Feb, 2020

نیا دور
وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ 10 مئی سے پہلے پہلے پاکستان ریلوے میں انقلاب لایا جا رہا ہے اور منظم طریقے سے ریلوے کی کارکردگی میں بہتری اور اس کی آمدنی میں اضافہ یقینی بنایا جا رہا ہے۔

فیصل آباد ڈرائی پورٹ پر کنویئر بیلٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ جہاں پرانی ٹرینوں اور خستہ روٹس کی حالت بہتر بنائی جا رہی ہے وہیں نئی ٹرینیں بھی چلانے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے جس کی وجہ سے جلد پاکستان ریلوے اپنی معیاری خدمات کی وجہ سے منافع حاصل کرنے لگے گی۔

انہوں نے کہا کہ نئے مالی سال کے بجٹ تک نہ صرف اپنا خسارہ ختم بلکہ روزگار کے ایک لاکھ نئے مواقع پیدا کر کے ریلوے کو مثالی ادارہ بنایا جائے گا جبکہ 5 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک سال میں مکمل ہونے والی فیصل آباد ڈرائی پورٹ کی کنویئر بیلٹ کی تکمیل سے ریلوے کو روزانہ 95 لاکھ اور ماہانہ ایک ارب روپے تک کا اضافی ریونیو حاصل ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو مہنگائی کا شدت سے احساس ہے اس لیے حکومت اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے جبکہ وزیر اعظم عمران خان نے بجلی، گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ نہ بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ سابقہ ادوار میں حکمرانوں نے بہت لوٹ مار کی اور بہت زیادہ قرضے لیے، عمران خان کو یہ بھی احساس ہے کہ صنعتیں پہلے کی طرح چل رہی ہیں اور چلتی رہیں گی لیکن مہنگائی سے غریب اور متوسط طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اس لیے اس کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر صلاح مشورے جاری ہیں۔
مزیدخبریں