نوشہرہ میں ایک تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان آج قوم سے اپنے خطاب میں بڑے بڑے اعلانات کریں گے تاکہ انھیں ریلیف مل سکے۔
پرویز خٹک نے کہا کہ ان اہم اعلانات میں پیٹرول کم از کم 10 روپے فی لیٹر سستا ہوگا۔ یہ قیمتیں آئندہ چار ماہ تک نہیں بڑھائی جائیں گی۔ اس کے علاوہ بجلی کی قیمت میں 5 روپے فی یونٹ تک کمی ہوگی۔ اور ہر بی اے پاس بے روزگار نوجوان کو 10 سے 20 ہزار تک وظیفہ دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا جکہ انٹرنیشنل سطح پر پیٹرول سستا تو نہیں مل رہا لیکن 250 ارب روپے حکومت دے گی، اس سے پیٹرول کی قیمت کم ہوگی اور چار ماہ تک پیٹرول مہنگا نہیں ہو گا۔ اگر عالمی سطح پر بہتری آئی اور پیٹرول سستا ہوا تو پھر پیٹرول کی قیمتوں میں مزید کمی آجائے گی۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے بھی کہا ہے کہ وزیراعظم بہت جلد قوم کو خوشخبری سنائیں گے۔ ہمارا مقابلہ پی ڈی ایم کے ساتھ ہے نہ ہی کسی اور کے ساتھ بلکہ ہمارا مقابلہ مہنگائی کے ساتھ ہے اور یہ مہنگائی امپورٹڈ اور عالمی سطح پر ہے۔
محمود خان کا کہنا تھا کہ عالمی مارکیٹ میں چیزیں مہنگی ہونے کی وجہ سے یہاں بھی اس کا اثر ہوتا ہے، سب چیزیں باہر سے آرہی ہیں تو یقیناً مہنگائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ورثے میں جو مسائل ملے انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے نیا پاکستان کارڈ لایا جارہا ہے۔
وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھا کہ کے پی حکومت اس معاملے پر متحرک کردار ادا کررہی ہے، ماضی میں بیرونی قرضوں کے نام پر عوام کو لوٹا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کسی بھی صورت مہنگائی کےحق میں نہیں، معیشت بہتر ہوگی تومہنگائی میں بھی کمی آئے گی۔