امیر بالاج قتل کیس میں اہم پیش رفت ، قتل میں ملوث دیرینہ دوست گرفتار

پولیس ذرائع کا دعویٰ ہے کہ احسن شاہ نے یہ بتایا تھا کہ امیر بالاج نے اس شادی پر جانا ہے۔ احسن شاہ نے امیربالاج کی ریکی کرنے کےعوض 50 لاکھ روپے لیے ہیں۔

01:16 PM, 28 Feb, 2024

نیا دور

ٹیپو ٹرکاں والے کے بیٹے امیر بالاج ٹیپو کے قتل کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے کہ انویسٹی گیشن ٹیم نے امیر بالاج کے دیرینہ دوست احسن شاہ کو گرفتار کرلیا۔

ذرائع کے مطابق احسن شاہ کو امیر بالاج کی ریکی دینے کے الزام میں گرفتار کیا گیا. احسن شاہ قتل کے وقت پاکستان میں موجود نہیں تھا بلکہ سعودی عرب سے ملزمان کو ریکی دی تھی۔ احسن شاہ نے یہ بتایا تھا کہ امیر بالاج نے اس شادی پر جانا ہے۔

اہل خانہ کے مطابق احسن شاہ کو انویسٹی گیشن ٹیم نے گھر سے گرفتار کیا اور ان پر تشدد بھی کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ احسن شاہ نے اس قتل کے عوض 50 لاکھ روپے لیے ہیں جبکہ اہل خانہ نے بتایا کہ احسن شاہ نے ایسا کچھ نہیں کیا۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

اس سے قبل پولیس ذرائع کی جانب سے بتایا گیا تھاکہ نامزد مفرور ملزم گوگی بٹ کا نام پروویشنل نیشنل آئیڈنٹیفیکیشن لسٹ ( پی این آئی ایل ) میں ڈال دیا گیا جبکہ وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے ) اور پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے تمام ایئرپورٹس پر الرٹ بھی جاری کردیا ہے۔

پولیس نے نامزد ملزم طیفی بٹ کی گرفتاری کیلئے وزارت داخلہ سے رابطہ کر لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس امیر بالاج ٹیپو قتل میں مبینہ ملوث طیفی بٹ کے ریڈوارنٹ  حاصل کرے گی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم طیفی کو بیرون ملک سے واپس لانے کے لیے کام جاری ہے۔ کیس سے متعلق تحقیقاتی پولیس ٹیم ریڈ وارنٹ کے بعد انٹرپول سے رابطہ کرے گی۔ وقوعہ کی جیو فینسنگ کرکے 500 کالز کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے۔ ملزمان تک جلد از جلد پہنچنے کے لیے ان کالز کو مزیدشارٹ لسٹ کیا جائے گا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جب کہ پولیس بالاج قتل کیس میں 7 مشتبہ افراد کو حراست میں لے چکی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نامزد ملزم تعریف عرف طیفی بٹ بیرون ملک فرار ہو چکا ہے۔جب کہ دوسرا نامزد ملزم عقیل عرف گوگی تاحال پاکستان میں موجود ہے، جس کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں چھاپا مار کارروائیاں کر رہی ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقدمہ میں نامزد دوسرے ملزم عقیل عرف گوگی بٹ کی اسلام آباد سے دبئی فرار کی کوشش ناکام ہوگئی ہے۔ 

بتایا گیا ہے کہ ملزم عقیل عرف گوگی بٹ بھیس بدل کر اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچا۔ لیکن پولیس کو دیکھ کر ملزم فرار ہوگیا۔

واضح رہے کہ 19 فروری کو لاہور ملتان روڈ پر شادی کی تقریب میں فائرنگ سے ٹیپو ٹرکاں والا کا بیٹا امیر بالاج ٹیپو جاں بحق اور دو افراد زخمی ہوگئے تھے۔ امیر بالاج ٹیپو کے گن مینوں کی فائرنگ سے حملہ آور مظفر حسین بھی موقع پر مارا گیا تھا۔

ملزم مظفر حسین نے شاٹ گن کا لائسنس حاصل کر رکھا تھا اور اپنے والے لائسنس سے ہی امیر بالاج کو قتل کیا۔

امیر بالاج پر فائرنگ شادی کی تقریب سے باہر نکلتے ہوئے کی گئی۔حملے کے وقت لوگ امیر بالاج کے ساتھ سیلفیاں بنانے میں مصروف تھے۔

مزیدخبریں