بلوچستان اسمبلی کے نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا

کچھ اراکین اجلاس میں شریک نہیں ہوئے جبکہ تین حلقوں پر نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے کے سبب انتخاب کا عمل مکمل نہیں ہو سکا۔ سردار اختر مینگل نے اپنی قومی اسمبلی کی نشست رکھتے ہوئے صوبائی اسمبلی کی نشست چھوڑ دی جبکہ میر سرفراز بگٹی، میر صادق سنجرانی اور جام کمال کوئٹہ میں موجود نہ ہونے کے باعث حلف نہیں لے سکے۔

05:37 PM, 28 Feb, 2024

نیا دور

بلوچستان اسمبلی کے 58 نومنتخب ارکان اسمبلی نے حلف اٹھایا ۔

سپیکر جان محمد جمالی کی علالت کے باعث پریذائیڈنگ آفیسر زمرک اچکزئی نے اجلاس کی صدارت کی اور ارکان اسمبلی سے حلف لیا۔

بلوچستان اسمبلی کے 58 نومنتخب ارکان اسمبلی نے حلف اٹھایا۔ جن میں نواب ثنااللہ زہری، نواب اسلم رئیسانی، نواب جنگیز مری شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ڈاکٹر مالک بلوچ، سردار عبدالرحمان کھیتران، راحیلہ درانی نے بھی رکن بلوچستان کا حلف اٹھایا۔

رکن اسمبلی خالق اچکزئی، بخت کاکڑ، علی مدد جتک، صادق عمرانی، یونس عزیز زہری، ظہور بلیدی، کلثوم بلوچ، فرح عظیم شاہ نے بھی حلف اٹھایا۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

اس کے علاوہ رحمت بلوچ، زابد ریکی، اصغر ترین، مولانا ہدایت الرحمان اور دیگر بھی حلف اٹھانے والوں میں شامل ہیں۔

اجلاس کے دوران آزاد امیدوار مولانا نوراللہ کے حامیوں نے ایوان میں نعرے بازی کی تو پریذائیڈنگ آفیسر نے ایسا کرنے سے روک دیا۔

کچھ اراکین اجلاس میں شریک نہیں ہوئے جبکہ تین حلقوں پر نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے کے سبب انتخاب کا عمل مکمل نہیں ہو سکا۔

سردار اختر مینگل نے اپنی قومی اسمبلی کی نشست رکھتے ہوئے صوبائی اسمبلی کی نشست چھوڑ دی جبکہ میر سرفراز بگٹی، میر صادق سنجرانی اور جام کمال کوئٹہ میں موجود نہ ہونے کے باعث حلف نہیں لے سکے۔

اسی طرح بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی۔21 حب، حلقہ پی بی۔7 نصیر آباد اور حلقہ پی بی۔14 زیارت پر کسی بھی امیدوار کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا ہے۔

بعد ازاں اجلاس کل سہ پہر 3 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔ کل ہونے والے اجلاس میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کا انتخاب کیا جائے گا۔

مزیدخبریں