یاسر حسین نے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ ’فلم پر پابندی کی کوئی خاص وجہ سمجھ نہیں آئی، فلم ’جاوید اقبال‘ میں بولا گیا سچ ہضم نہیں ہوا یا کسی کو شو پر بُلانا بھول گئے۔‘
اداکار نے مزید لکھا کہ ’کیا اس ملک کے سینما میں صرف کرکٹ میچ اور ٹی وی ڈرامے چلیں گے، یا فلم میکرز کو بھی کوئی چانس ملے گا۔‘
انہوں نے لکھا کہ جس ملک میں ڈالر ہی قابو پر نہ آرہا ہو وہاں آرٹ کی کیا دہائی دی جائے، افسوس صد افسوس۔
خیال رہے کہ محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب نے یاسر حسین اور عائشہ عمر کی فلم ’جاوید اقبال: ان ٹولڈ اسٹوری آف اے سیریل کلر‘ کی نمائش روک دی۔
فلم 28جنوری کو ریلیز کی جانی تھی، فلم کو تمام سنسر بورڈز نے پاس کردیا تھا لیکن فلم کی کہانی پر مختلف شکایات ملنے پر نمائش روکی گئی ۔
فلم کو دوبارہ دیکھا جائے گا اور فل بورڈ فلم کی ریلیز کا فیصلہ کرے گی، فلم 100 بچوں کے قاتل جاوید اقبال کی کہانی پر مبنی ہے ۔
فلم کے ڈائریکٹر ابو علیحہ ہیں، دریں اثناء کورونا کے بڑھتے کیسز کے باوجود اداکار یاسر حسین اور عائشہ عمر کی آنے والی ہارر تھرلر فلم ʼجاوید اقبال: دی اَن ٹولڈ اسٹوری آف آ سیریل کلر‘ کے پریمیئر کی رنگا رنگ تقریب کراچی میں منعقد کی گئی۔
’جاوید اقبال: دی اَن ٹولڈ اسٹوری آف آ سیریل کلرʼ کے پریمیئر کی تقریب ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) میں موجود نیو پلیکس سینما میں ہوئی۔
پریمیئر کی تقریب میں فلم کی کاسٹ اور ہدایت کار ابو علیحہ سمیت شوبز شخصیات اور میڈیا سے وابستہ افراد کے علاوہ دیگر اہم سیاسی و سماجی افراد نے بھی شرکت کی۔
رنگا رنگ پریمیئر کے دوران ریڈ کارپٹ بھی سجایا گیا، جہاں اداکاروں نے جلوے بکھیرے جب کہ بعد ازاں شائقین کو بڑی اسکرین پر فلم بھی دکھائی گئی۔
یاسر حسین اور عائشہ عمر کی ہارر تھرلر فلم ’جاوید اقبال: ان ٹولڈ اسٹوری آف اے سیریل کلر‘ کو ابتدائی طور پر گزشتہ ماہ دسمبر 2021 کے آغاز میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم گزشتہ ماہ ہالی ووڈ فلموں کی سینماؤں میں نمائش کی وجہ اسے ریلیز نہیں کیا گیا تھا مگر گزشتہ ہفتے یاسر حسین اور فلم کی ٹیم نے اسے 28 جنوری کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا۔