آزاد کشمیر کے بعد سیالکوٹ کی صوبائی سیٹ بھی ن لیگ کے ہاتھ سے نکل گئی، تحریک انصاف فاتح

06:09 PM, 28 Jul, 2021

نیا دور

پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریار نے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب  میں کامیابی حاصل کرلی۔ حلقے میں پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہی۔ووٹنگ سے قبل بارش کے باعث بعض مقامات پر عملے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس سے پولنگ کا عمل متاثر بھی ہوا۔پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریار نے ضمنی الیکشن میں کامیابی حاصل کرلی۔


پی پی 38 کے تمام 165 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے احسن سلیم بریار60588 ووٹ لے کرکامیاب قرار پائےجبکہ ن لیگ کے طارق سبحانی کو 53471 ووٹ ملے۔غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے امیدوار  نے لیگی امیدوار کو 7117 ووٹوں سے شکست دی۔خیال رہےکہ یہ نشست ن لیگ کے خوش اختر سبحانی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔


آزاد کشمیر الیکشن میں بھی ن لیگ تیسرے نمبر پر آئی

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے سادہ اکثریت حاصل کرلی جس کے بعد وہ باآسانی حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہے۔


آزاد جموں و کشمیر کے 45 میں سے 44 حلقوں کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف 25 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے اور پیپلز پارٹی کا 11 نشستوں کے ساتھ دوسرا نمبر ہے جب کہ مسلم لیگ (ن) 6 نشستوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ اس کے علاوہ مسلم کانفرنس اور جموں کشمیرپیپلزپارٹی نے ایک ایک نشست حاصل کی۔

مزیدخبریں