حنا پرویز کا وائرل کلپ، منصور علی خان 3 سال بعد حقائق سامنے لے آئے

09:25 AM, 28 Jul, 2022

نیا دور
سینئر صحافی و اینکر منصور علی خان 3 سال بعد حنا پرویز بٹ کے ساتھ سٹوڈیو میں پیش آئے واقعے کے حقائق سامنے لے آئے۔
؎
تفصیلات کے مطابق 2019 کو ایکسپریس نیوز کے پروگرام میں پیش آئے ایک واقعے کو سوشل میڈیا پر بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا اور 3 سال منصور علی خان نے اس حوالے سے خاموشی توڑ دی۔

منصور علی خان نے کہا کہ وہ اس موضوع پر بات نہیں کرنا چاہتے تھے، جبکہ انکی حنا پرویز بٹ سے ذاتی طور پر اس سے متعلق گفتگو ہوئی مگر یہ معاملہ پبلک ڈومین میں کبھی نہیں لائے مگر اب چونکہ حنا پرویز نے خود اس معاملے پر لب کشائی کی تو بطور اینکر انہوں نے اس سے متعلق حقیقت بتانے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ میں اس وقت ایکسپریس نیوز کا پروگرام 'ٹو دی پوائنٹ' لاہور سے کرتا تھا، اس دوران میں نے ایک شو میں اپنے ساتھ مسلم لیگ ن کی حنا پرویز بٹ، تحریک انصاف کے عثمان ڈار اور جے یو آئی کی رہنما نعیمہ کشور صاحبہ یہ تین مہمان میرے پروگرام میں شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ اس شو کا جو کلپ ڈسکس کیا جارہا اس میں یہ ہوا تھا کہ حنا پرویز بٹ صاحبہ اپنا دوپٹہ ٹھیک کر رہی تھیں اور دوسرے فریم میں میں مسکرا رہا ہوں اور کسی نے دونوں کو اکٹھا کر کے اس کی ویڈیو کلپ بنائی۔

منصور علی خان نے کہا کہ اس سے یہ تاثر دیا گیا کہ وہ چونکہ اپنا دوپٹہ ٹھیک کر رہی تھیں تو میں اس بات پر مسکرا رہا ہوں۔

منصور علی خان نے کہا کہ ہوا یہ تھا کہ میری ایک عادت ہے کہ جب کوئی بھی مہمان میرے سوال کا جواب نہیں دے رہا ہوں اور کنی کترا کے نکلنے کی کوشش کرتا ہے تو میں بدتمیزی تو نہیں کر سکتا البتہ اس جواب پر مسکرا دیتا ہوں، انہوں نے کہا کہ بہت کم ہوا ہے کہ میں تھوڑا جذباتی ہو جاؤں اور آگے سے کچھ بول دوں لیکن اکثر ایسا ہوتا ہے کہ میں ہنس دیتا ہوں، اس سے زیادہ میں نہیں کرتا۔

منصور علی خان نے کہا کہ اس وقت نعیمہ کشور صاحبہ سے میں نے ایک سوال کیا جس کے جواب سے میں متفق نہیں تھا۔ میں نے اس وقت اور کچھ نہ کیا اور ان کے جواب پر ہنسنا شروع کیا اور تھوڑی سی سمائل دے دی۔

اب اسی وقت جب یہ سب ہورہا تھا حنا پرویز جو میرے ساتھ لاہور سٹوڈیو میں بیٹھی تھیں اور وہ دوپٹہ ٹھیک کر رہی تھی تو کسی نے یہ تاثر دینے کی کوشش کی کہ میں اس وجہ سے مسکرا رہا ہوں۔

منصور علی خان نے بتایا کہ یہ صرف اس کا ایک پہلو ہے جبکہ حنا پرویز بٹ صاحبہ کا دوپٹہ ٹھیک کرنے کا پہلو یہ ہے کہ کسی بھی شو میں جب خواتین کو بلایا جاتا ہے تو انہیں کہا جاتا ہے کہ دوپٹہ اپنے مائیک سے دور رکھیں ورنہ آڈیو میں خلل پیدا ہوتا ہے، حنا پرویز بٹ بھی وہی کر رہی تھیں تاکہ ان کی آواز میں خلل نہ آئے۔

منصور علی خان نے کہا اب حنا پرویز نے دوبارہ اس بات کو شئیر کیا۔

https://twitter.com/hinaparvezbutt/status/1552194677054398464


منصور علی خان نے کہا کہ ہماری سوسائٹی میں کس قدر گندگی پھیل گئی ہے۔ جس خاتون کی بات کی جارہی ہے وہ ایک ماں ہے جس کا بچہ اب بڑا ہوچکا ہوگا۔ اس کے ذہن میں کیا گزرتی ہوگی کہ میری ماں کے بارے میں کیسی باتیں کی جارہی ہیں۔

منصور علی خان نے کہا کہ جس بندے نے یہ کلپ بنایا ہوگا وہ کتنا گھٹیا آدمی ہوگا؟ اس کی ذہنی کیفیت کیا ہوگی کہ وہ اس قسم کی چیز ایک عورت کے بارے میں بنائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میرے پروگرام میں آنے والی تمام خواتین چاہے وہ عمر میں میرے سے چھوٹی ہوں یا بڑی، وہ میری ماں ، میری بہن اور میری بیٹیوں کی طرح ہوتی ہیں اور میں سب کے بارے میں یہی رائے رکھتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میرے 15 سالہ کیرئیر میں آج تک کسی خاتون نے آکر یہ شکایت نہیں کی کہ آپ کے پروگرام میں میرے ساتھ کسی نے یا آپ نے کوئی بدتمیزی کی یا ایسا کوئی عمل کیا۔

https://youtu.be/xwJ02fpVf5c
مزیدخبریں