عمران خان کو دھمکی، عمر ایوب خان نے ایمل ولی کیخلاف مقدمے کی درخواست دیدی

10:38 AM, 28 Jul, 2022

نیا دور
عمران خان کو جان سے مارنے کی دھمکی پر تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے ایمل ولی خان کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ میں ایف آئی آر درج کرنے کی درخواست دے دی۔

میڈیا سے گفتگو میں عمر ایوب نے کہا کہ اے این پی کے سربراہ ایمل ولی خان نے عمران خان کو جان سے مارنے کی بات کی، پی ڈی ایم غیر جمہوری عمل کی طرف شروع ہو چکی ہے اور لوگوں کو ٹھکانے لگانے کی سازش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور وزارت داخلہ میں درخواستیں دی ہیں، عمران خان کی جان کو خطرہ ہے اس لیے سیکیورٹی دی جائے۔

عمر ایوب نے کہا کہ پی ایم ہاؤس میں بیٹھ کر یہ لوگ عمران خان کو ٹھکانے لگانے کی بات کر رہے ہیں لیکن ہم عمران خان کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہیں، موجود وزیراعظم سی ڈی اے کی حدود تک کے وزیراعظم ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ایک پر امن اور ملک میں پھیلی ہوئی جماعت ہے تاہم عمران خان کو جان کا خطرہ ہے، کیوں کہ یہ لوگ سازش بنا رہے ہیں کہ عمران خان کو کھڈے لائن لگایا جائے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل پی ڈی ایم قیادت کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا تھا کہ اس ملک کے خلاف جو عناصر گند عمران نیازی پھیلا رہا ہے ، اس ملک کو اگر بچانا ہے تو اس کو ٹھکانے لگانا ہوگا، میں جو بار بار کہتا ہوں آج ایک بار پھر کہہ رہا ہوں کہ ہمیں عمران نیازی کو ٹھکانے لگانا ہوگا تو ہی ملک بچے گا۔
مزیدخبریں