کیا سیمی فائنل میں پاکستان اور بھارت مد مقابل ہونگے؟

10:16 AM, 28 Jun, 2019

نیا دور
آئی سی سی ورلڈ کپ 2019 ء میں پاکستان اور بھارت کے درمیان سیمی فائنل ہونے کے امکانات روشن ہوتے جا رہے ہیں۔ گزشتہ روز بھارت نے شاندار کارکردگی کا مظاہرے کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو شکست دی، بھارت کی ٹیم ابتک ایونٹ میں ناقابل شکست رہی ہے جبکہ ممکن ہے کہ پاکستان کی ٹیم بھی ٹاپ فار میں جگہ بنا لے ایسے میں پاکستان کی چوتھی پوزیشن ہو گی جس کے بعد اس کا بھارت سے سیمی فائنل میں مقابلہ ہو سکتا ہے۔

مختصراً یہ کہ پاکستان اور بھارت کو ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے آنے کے لیے اب اپنے آنے والے تمام میچز لازمی جیتنے ہیں تاکہ شائقین کرکٹ کو روایتی حریفوں کے درمیان پر جوش اور سنسنی خیز سیمی فائنل دیکھنے کو مل سکے۔

آئی سی سی ورلڈ کپ قوانین کے مطابق ایونٹ کی پہلی پوزیشن کی ٹیم کا سامنا چوتھی پوزیشن پر رہنے والی ٹیم کے ساتھ ہوتا ہے جبکہ دوسری پوزیشن پر رہنے والی ٹیم کا میچ تیسری پوزیشن والی ٹیم سے ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ موجودہ ورلڈ کپ میں آسٹریلوی ٹیم سیمی فائنل کیلئے اپنا ٹکٹ بک کروا چکی ہے، نیوزی لینڈ اور بھارت کو ایک جیت درکار ہے جبکہ جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور افغانستان مکمل طور پر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکے ہیں۔

پاکستان کو ابھی کس کس سے جیتنا ہے


پاکستان کو اب اپنے اگلے 2 میچز نسبتاًآسان حریف افغانستان اور بنگلا دیش سے کھیلنے ہیں، نہ صرف کھیلنے ہیں بلکہ جیتنے بھی ہیں تاکہ وہ فائنل فور میں 11 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کرسکے۔

دوسری جانب ایونٹ کی ناقابل شکست ٹیم بھارت کو 17 پوائنٹس کے ساتھ گروپ پوزیشن کی نمبر ون ٹیم بننے کے لیے انگلینڈ، بنگلا دیش اور سری لنکا کو مات دینی ہے جو کہ اس کی موجودہ فارم دیکھ کر ناممکن قرار نہیں دیا جا سکتا۔

 
مزیدخبریں