’ہم باعزت اداکارائیں ہیں کوئی جسم فروش نہیں‘ ملاقات کیلئے پیسوں کی پیشکش پر مریم نفیس پھٹ پڑیں

12:43 PM, 28 Jun, 2021

نیا دور

پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی نئی اُبھرتی ہوئی نوجوان اداکارہ مریم نفیس کو سوشل میڈیا صارف نے اپنے دوست سے ملاقات کے لیے پیسوں کی پیشکش کردی جس پر اداکارہ برس پڑیں۔


تفصیلات کے مطابق مریم نفیس نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فہد خان نامی صارف کے پیغام کا اسکرین شاٹ شیئر کیا جس میں صارف نے اداکارہ کو پیسوں کے عوض اپنے دوست سے ملاقات کی پیشکش کی تھی۔



فہد خان نامی صارف نے مریم نفیس کو اپنے پیغام میں کہا کہ ’اگر آپ میرے دوست سے ایک ملاقات کرلیں تو میں آپ کو تین لاکھ روپے کیش دوں گا۔‘ صارف نے مزید کہا کہ ’میرا دوست بہت اچھا انسان ہے اور وہ حال ہی میں پاکستان آیا ہے۔‘


مریم نفیس نے صارف کے پیغام کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں اس گندگی کو ختم کرنا چاہتی ہوں، میں نہیں جانتی کہ اس غیر اخلاقی حرکت کا ذمہ دار کون ہے اور وہ کون سے لوگ ہیں جو ان جیسے لوگوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔‘


اداکارہ نے صارف کے پیغام کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے پوسٹ درج کی اور کہا کہ ایک بار پھر میں اس نکتے پر آکر رک گئی ہوں کیوں کہ میں اسے ختم کرنا چاہتی ہوں، میں نہیں جانتی کہ ایسی احمقانہ سوچ کا ذمہ دار کون ہے جو اس نہج پر سوچتے ہیں اور کون ہیں وہ لوگ جو انہیں انٹرٹین کرتے ہیں لیکن نہیں بالکل نہیں کیوں کہ میرے ساتھ جو معاون اداکارائیں ہیں وہ روزانہ  باعزت طریقے سے دن میں 12گھنٹے جب کہ کچھ اس سے بھی زائد گھنٹے کام کرتی ہیں اور ہم ایسی ذہنیت کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہیں۔


اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہم تعلیم یافتہ گھرانوں سے ایک نام بنانے آتے ہیں اور کسی بھی شخص کو اپنی بے عزتی کی اجازت نہیں دیتے۔

مریم نفیس کو میسج کرنے والے صارف کے انسٹا گرام اکاؤنٹ کے تعارف میں لکھا گیا کہ وہ فیشن ڈیزائنر ہے اور شوبز سے تعلق رکھتا ہے جبکہ اپنے تعارف میں اس نے پارٹی سپیشلسٹ بھی لکھا ہے۔

مزیدخبریں