توانائی بحران کے حل کیلئے پاکستان کی مدد ترجیح ہے: امریکی محکمہ خارجہ

میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ ہم نے پاکستان میں تقریباً 4000 میگا واٹ صاف توانائی کی اضافی پیدوار میں مدد کی ہے۔ ہمارے منصوبوں نے ملک کی بجلی کی صلاحیت میں ڈرامائی طور پر اضافہ کیا ہے اور آج لاکھوں پاکستانیوں کے گھروں میں بجلی ہے۔

11:26 AM, 28 Mar, 2024

نیا دور

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا ہے کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے پاکستان کی مدد کرنا امریکہ کی ترجیح ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان سے معمول کی بریفنگ میں سوال کیا گیا تھا کہ امریکہ نے پاکستان کو ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبے سے باز رہنے کا کہا ہے اور پابندیوں کی دھمکی دی ہے جبکہ خود اپنی توانائی کی ضروریات امریکہ قطر سے بہت اچھا معاہدہ کر کے بیٹھا ہے اور ایسا لگتا ہے امریکہ نے اپنے نان نیٹو اتحادی پاکستان کو توانائی کی ضروریات کے معاملے میں کہیں نہیں چھوڑا۔ پاکستان اگر ایران سے گیس لائن تعمیر کرتا ہے تو امریکی پابندیاں لگیں گی اور نہیں کرتا تو ایران 18 ارب ڈالر ہرجانہ لگائے گا۔

جواب میں میتھیو ملر نے کہا کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے میں پاکستان کی مدد امریکہ کی ترجیح ہے۔امریکا نے پاکستان میں4ہزار میگاواٹ توانائی کی مدد کی۔امریکی منصوبوں نے پاکستان کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کیا۔

ترجمان نے کہا کہ اضافی طور پر امریکا اور پاکستان نے گرین پروگرام کو آگے بڑھایا ہے اور ہم ماحولیاتی چیلنجز اور خاص طور پر واٹر مینجمنٹ پر بھی مل کر کام کر رہے ہیں۔ امریکی منصوبوں سے پاکستانیوں کوبجلی فراہم ہورہی ہے۔سمارٹ زراعت اورتوانائی پرکام کررہے ہیں۔

تاہم میتھیو ملر نے ایران کے ہرجانے والی بات پر تبصرہ نہیں کیا۔

واضح رہے کہ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے گزشتہ روز ہی پاکستان میں توانائی کے حوالے سے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

امریکا نے پاکستان اور ایران کے درمیان ہونے والے گیس پائپ لائن منصوبے کی مخالفت کرتے ہوئے عالمی برادری کو ایران کے ساتھ کاروبار کرنے پر پابندیوں کے خطرے کے بارے میں خبردار کردیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان کوایران کےساتھ کسی معاہدےسےبازرہنےکامشورہ دیتے ہیں۔ امریکہ پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی حمایت نہیں کرتا اور ایران کے ساتھ کاروبار کرنے سے امریکی پابندیوں کی زد میں آنے کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔

منگل کو واشنگٹن میں نیوز بریفنگ کے دوران پاکستان کے ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن کے منصوبے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں دیا۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

میتھیو ملر سے سوال کیا گیا کہ گذشتہ ہفتے اسسٹنٹ سیکریٹری ڈونلڈ لو نے کہا تھا کہ امریکہ پاکستان کے ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن پر کام شروع کرنے کے حق میں نہیں ہے۔ اب پاکستان کچھ قانونی فرموں سے مشاورت کر رہا ہے کہ آیا امریکہ اسے چھوٹ دے سکتا ہے یا نہیں۔ کیا رعایت کا کوئی امکان ہے یا نہیں؟

جس پر امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے جواب دیا کہ میں کسی بھی قسم کی ممکنہ پابندیوں کے اقدامات کا جائزہ نہیں لوں گا۔ جیسا کہ میں یہاں بریفنگ کے دوران پابندیوں سے متعلق کسی بھی اقدام کا جائزہ نہیں لیتا لیکن ہم ہمیشہ سب کو مشورہ دیتے ہیں کہ ایران کے ساتھ کاروبار کرنے سے ہماری پابندیوں کے زد میں آنے کا خطرہ ہے اور ہم ہر ایک کو مشورہ دیں گے کہ وہ اس پر بہت احتیاط سے غور کریں اور جیسا کہ اسسٹنٹ سیکریٹری نے پچھلے ہفتے واضح کیا تھا کہ ہم اس پائپ لائن منصوبے کو آگے بڑھانے کی حمایت نہیں کرتے۔

پریس بریفنگ کے دوران امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر سے پاکستان میں چینی انجینیئرز پر حملے سے متعلق بھی سوال کیا گیا۔ جس پر ان کا کہنا تھا کہ ہم سب سے پہلے پاکستان میں چینی انجینیئرز کے قافلے پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ ہمیں جانی نقصان اور لوگوں کے زخمی ہونے پر گہرا دکھ ہوا ہے اور حملے سے متاثرہ افراد کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی عوام نے دہشت گردوں کے ہاتھوں بہت نقصان اٹھایا ہے اور میں واضح کروں گا کہ پاکستان میں چین کے شہری بھی دہشت گرد حملوں کا شکار ہوئے ہیں۔ کسی بھی ملک کو دہشت گردی کی کارروائیوں کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔

 خیال رہے کہ 23 فروری کو نگران کابینہ توانائی کمیٹی نے ایرانی بارڈر سے گوادر تک 81 کلومیٹرپائپ لائن بچھانے کی منظوری دی تھی۔

ذرائع نے بتایاکہ پائپ لائن بچھانے سے پاکستان 18 ارب ڈالر جرمانے کی ادائیگی سے بچ جائے گا اور ایل این جی کے مقابلے میں ایران سے 750 ملین کیوبک فٹ گیس انتہائی سستی ملے گی۔

موجودہ حکومت کی جانب سے پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر امریکی پابندیوں کے خلاف استثنیٰ کی درخواست کی تیاری کا سلسلہ جاری ہے۔

ذرائع نے بتایاکہ نگران حکومت نے امریکی پابندیوں کےخلاف درخواست دائر کرنے کا پلان مؤخرکیاتھا۔

ذرائع نے بتایاکہ درخواست دائرکرنے کا پلان جیوپولیٹیکل صورتحال کے باعث مؤخرکیا گیا تھا اور منسٹریل اوورسائٹ کمیٹی نے پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے سے متعلق فیصلے کیے تھے۔

21 مارچ 2024 کو پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ پاکستان نے بارہا پاکستان ایران گیس پائپ لائن پر اپنے عزم کی تجدید کی ہے اور پاکستان ایران گیس پائپ لائن پر فیصلہ حکومت پاکستان کا اپنا فیصلہ ہو گا۔

ترجمان نے مزید کہا تھا کہ یہ پائپ لائن پاکستان اپنے علاقے میں تعمیر کر رہا ہے۔اس وقت پہلا نکتہ گیس پائپ لائن کی تعمیر ہے۔ ہم اس تعمیر کے لیے پر عزم ہیں۔

مزیدخبریں