گذشتہ ہفتے کرونا وائرس کا شکار ہونیوالے 92 نیوز کے سینئر صحافی جاں بحق

06:12 AM, 28 May, 2020

نیا دور

ملک میں اس وقت کرونا وائرس اعداد و شمار کی نئی بلندیوں پر پہنچ چکا ہے۔ ملک میں 1200 سے زائد افراد اس مرض کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں جبکہ 60 ہزار سے زائد اس کا شکار ہیں۔ ایسے میں میڈیا کے ورکر صحافی جو کہ بغیر کسی حفاظتی اقدامات کے اپنی نوکریاں معاشی دباؤ میں جاری رکھنے پر مجبور ہیں، اپنی جانیں گنوا رہے ہیں۔ 


تازہ ترین خبر کے مطابق  کرونا وائرس کا شکار پشاور کے صحافی فخرالدین سید انتقال کر گئے۔ فخر مقامی نیوز چینل 92 نیوز سے وابسطہ سینئر صحافی تھے اور ان کی وفات آج صبح ہوئی۔


وہ کرونا وائرس کی تشخیص ہونے کے بعد سے پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں داخل تھے اور گذشتہ ایک ہفتے سے بخار اور سینے میں شدید تکلیف کی شکایت کر رہے تھے۔


یاد رہے کہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس نے بتایا ہے کہ ملک میں اب تک کرونا وائرس سے 3 صحافی اپنی جانیں گنوا چکے ہیں جبکہ 156 متاثر ہیں۔ پی ایف یو جے کی جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد سے کیمرا جرنلسٹس اور فوٹو جرنلسٹس سب سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق یونین کی رپورٹ میں میڈیا سے وابستہ وہ لوگ جو کہ  صحافتی کاموں میں معاون تکنیکی شعبوں سے منسلک ہیں ان کا ذکر نہیں ہے۔
مزیدخبریں