ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے وفاقی حکومت کو ریسٹورنٹس کھولنے کی سفارش کر دی ہے۔ قومی رابطہ کمیٹی اجلاس میں سفارش حتمی منظوری کے لئے پیش کی جائے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ صوبہ پنجاب میں مارکیٹوں اور شاپنگ مالز کے اوقات کار صبح 9 سے 5 بجے ہوں گے۔ پنجاب میں مارکیٹیں، بازار اور شاپنگ مالز کو ہفتہ میں چار دن کام کی اجازت ہوگی۔ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو مارکیٹیں، شاپنگ مالز اور بازار بند رہیں گے۔
اجلاس میں مری اور گلیات میں ہوٹلز کو اجازت دینے کیلئے وفاق سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی حکومت سے تفریحی مقامات کو سیاحوں کیلئے کھولنے کی سفارش بھی کی جائے گی۔
وزیر قانون راجہ بشارت، سینئر وزیر عبدالعلیم خان اور وزیر تجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس میں شرکت کی۔ محکمہ صحت کے حکام نے اجلاس کو کرونا بارے بریفنگ دی جبکہ انتظامی اداروں نے ایس او پیز پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد دن بدن بڑھتی جارہی ہے اور آج بھی مزید نئے کیسز اور اموات کے بعد مجموعی طور پر ملک میں کیسز 62 ہزار 330 اور اموات 1276 تک پہنچ گئی ہیں۔
ملک میں اس وبا کو 3 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر گیا ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ وبا اپنے پھیلاؤ کو بڑھا رہی ہے۔ ابتدائی طور پر اس وبا کے درجنوں اور سیکڑوں کیسز آتے تھے تاہم اب یہ تعداد ہزار سے تجاوز کرگئی ہے اور یومیہ ہی ملک میں 3 ہندسوں میں کیسز سامنے آرہے ہیں۔