حکومتی اتحاد نے چیئرمین نیب کیلئے جسٹس (ر) مقبول باقر کے نام پر اتفاق کرلیا

07:27 AM, 28 May, 2022

نیا دور
حکومتی اتحاد نے چیئرمین نیب کے لیے سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس (ر) مقبول باقر کے نام پر اتفاق کرلیا۔

ذرائع کے مطابق (ن) لیگ، پیپلز پارٹی اور دیگر اتحادی جماعتوں کے درمیان نئے چیئرمین نیب کے نام پر مشاورت ہوئی جس میں نئے چیئرمین کے لیے جسٹس (ر) مقبول باقرکا نام حکومتی فہرست میں سرفہرست ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ تمام حکومتی جماعتیں جسٹس (ر) مقبول باقرکے نام پرمتفق ہیں جب کہ مقبول باقر کا نام آصف زرداری اور شہباز شریف کے درمیان ملاقات میں بھی زیر غور آیا۔

ذرائع کے مطابق آصف زرداری اور شہباز شریف چیئرمیں نیب کے لیے مقبول باقر کے نام پر متفق ہیں جس کے باعث وہ اس عہدے کے لیے مضبوط امیدوار ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہےکہ اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کو بھی مقبول باقرکے نام پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا اس لیے کوئی رکاوٹ نہ آئی تو جسٹس (ر) مقبول باقر ہی نئے چیئرمین نیب ہوں گے۔

جسٹس (ر) مقبول باقر سندھ ہائیکورٹ سے سپریم کورٹ میں پروموٹ ہوئے تھے اور ان کے جج کے طور پر کردار پر کبھی کوئی اعتراض نہیں ہوا۔

واضح رہےکہ موجودہ چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کے عہدے کی مدت 2 جون کو ختم ہوجائے گی اس لیے نئے چیئرمین نیب کی تعیناتی اس سے قبل ہی ہونے کا امکان ہے۔
مزیدخبریں