لیک ہونے والی ذاتی ویڈیو اعظم سواتی نے خود بنائی تھی، فیصل واوڈا کا دعویٰ

10:38 AM, 28 Nov, 2022

نیا دور

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سینیٹر اعظم سواتی  اپنی  اہلیہ کے ساتھ جس  ذاتی ویڈیو کا بار بار ذکر کر رہے ہیں وہ ویڈیو انہوں نے خود بنائی تھی۔


اتوار کی رات جیو نیوز کے پروگرام "جرگہ" میں میزبان سلیم صافی سے  اس حوالے سے بات  کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا کہ ان کی بیوی میرے لئے قابل محترم ہیں۔ ماں کی جگہ ہیں۔ لیکن ایسا کون سا غیرت مند آدمی ہوتا ہے جو ویڈیو لیک پر کہتا ہے کہ ہاں یہ میری ویڈیو ہے؟ اس دنیا میں کوئی بھی ایسا شخص نہیں ہو سکتا کہ ویڈیو سچی بھی ہو تو بھی مان لے کہ ہاں میری ہے۔ کوئی بھی نہیں مانے گا کہ یہ ویڈیو اس کی ہے۔


فیصل واوڈا نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ویڈیو اعظم سواتی نے خود بنائی ہے۔عمران خان سادہ آدمی ہیں ان کو سمجھ نہیں آتی۔ اعظم سوتی نے کہا کہ وہ چھٹیوں کی غرض سے سپریم کورٹ کے لاجز میں رہے۔ سپریم کورٹ کا بیان آیا کہ وہ جوڈیشل لاجز نہیں تھے۔ پھر کہا کہ کسی دوسرے جوڈیشل لاجز میں ٹھہرے تھے۔ اس پر بھی تردید آگئی کہجوڈیشل لاجز نہیں تھے۔انہو ں نے اپنی فیملی کو امریکہ بھیج دیا۔


فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ اعظم سواتی کے پاس اگر ویڈیو اوریجنل ہے تو ان کے پاس ویڈیو کیسے آئی؟ ان کے پاس اوریجنل ویڈیو ہے تو باقیوں کے پاس جعلی کیسے ہے؟


انہوں نے کہا کہ جب خور سے آپ کچھ کرتے ہیں تبھی تو اصل ویڈیو آپ کے پاس ہے اور صرف تین مقاصد کے حصول کے لئے خود کو استعمال کر رہے آپ۔ ایک یہ کہ آپ آرمی اور جنرل فیصل کو متنازع بنا سکیں۔  دوسرا یہ کہ ہماری قوم غیرت مند ہے وہ پریشر میں آئے گی۔ صورتحال پیچیدہ ہو گی تو فوج اور عوام کا آپس میں تصادم ہوجائے۔ تیسرا یہ کہ سینیٹ میں آپ کو قائد حزبِ اختلاف بنا دیا جائے۔ اگر یہ سیاست ہے تو میں ایسی سیاست پر تھوکتا بھی نہیں۔


انہوں نے کہا کہ ویڈیو سے متعلق اعظم سواتی کا سارا بیانیہ جھوٹا ہے۔پہلے انہوں نے ویڈیو کو لے کر احتجاج کیا۔ پھر روئے۔پھر مارچ کیا۔ اور جب کسی چیز سے بات نہ بنی اور اصلیت کھل گئی تو سوشل میڈیا پر فوج کو ماں بہن کی گالیاں دیں۔ کوئی بھی غیرت مندانسان ہو اور آپ اس کو ماں بہن کی گالیاں دیں تو کتنی شرم والی بات ہے۔ جھگڑے کے، بحث کی بھی کچھ  اخلاقیات ہوتی ہیں۔ ایک قانون ساز، ایک سینیٹر ہو کر آپ ہر ہر پلیٹ فارم پر ایک شخص کو ذلیل کر رہے ہیں کہ اس کو ہٹا دیا جائے۔ آپ نے یہ سب تماشہ کیا تاکہ جنرل فیصل کو ہٹا دیاجائے، فہیم کو ہٹا دیا جائے۔ اور آرمی اور عوام کو آمنے سامنے لانا تھا کیونکہ غیرت کے نام پر تو پورے قوم کھڑی ہو جاتی ہے۔ صرف اپنے مفاد کے لئے۔ لعنت ہے ایسی سیاست پر۔


پی ٹی آئی کے سابق رہنما فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ اعظم سواتی کے الزامات کی خود سپریم کورٹ نے تردید کی ہے۔ یہ سازشی لوگ ہیں اور عمران خان صاحب بہت سادے آدمی ہیں انہیں سمجھ نہیں آرہا کہ یہ لوگ کیا سازش کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں