فیس بک نے تجرباتی طور پر ایک نیا اور اہم فیچر متعارف کروا دیا

06:53 AM, 28 Oct, 2019

نیا دور
فیس بک نے صارفین کی سہولت کے لئے ایک نئے فیچر کی آزمائشی جانچ شروع کر دی ہے۔ نئے فیچر کی مدد سے صارفین فیس بک پر نظر آنے والے مواد کو اپنی مرضی کے مطابق کنٹرول کر سکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق فیس بک انتظامیہ نے ایک نئی ٹیب متعارف کرائی ہے جسے نیوز ٹیب کا نام دیا گیا ہے۔ یہ ٹیب صارف کی ہدایت کے تحت خبریں دکھاتی ہے اور اسے براہِ راست موبائل ایپ میں دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ سہولت آزمائشی طور پر امریکی صارفین کو دی گئی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق فیس بک کے تمام صارفین کو اس نئے ٹیب تک سلسلہ وار رسائی دی جائے گی۔

اس نئے ٹیب کے ذریعے آپ نہ صرف فیس بک اسٹوریز قابو رکھ سکتے ہیں بلکہ اپنی پسند کے موضوعات کی خبروں پر بھی نظر رکھ سکتے ہیں اور یہ سب کام براہِ راست ایپ پر کیا جاسکتا ہے۔

فیس بک کے عہدے دار کیمبل براؤن نے اپنے بلاگ میں بتایا کہ اس ٹیب کی بدولت آپ قومی نوعیت کی خبریں دیکھ سکتے ہیں اور ساتھ ہی دیگر خبریں بھی نیوز فیڈ میں ملتی رہتی ہیں۔

فیس بک کے مطابق نئی مجوزہ ٹیب کے ذریعے فیس بک پر دیکھی جانے والی خبروں کو چار حصوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے۔ ان میں اول عمومی خبریں، دوم موضوعاتی خبریں، سوم متفرق خبریں اور چہارم مقامی خبریں شامل ہیں۔ اس دوران آپ جو خبریں نہیں دیکھنا چاہتے اسے چھپا بھی سکتے ہیں اور اپنے پسندیدہ موضوعات کو سی فرسٹ یعنی پہلے بھی دیکھ سکتے ہیں۔

فیس بک کے مطابق اس میں الگورتھم اور خود صارف کی پسند و ناپسند کو شامل کیا گیا ہے تاکہ بہتر سے بہتر انداز میں خبریں دیکھی جاسکیں۔
مزیدخبریں