ملک میں عام انتخابات کیلئےآئندہ سال 28 جنوری کی تاریخ متوقع

الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ حلقہ بندی کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ اعتراضات دائر کرنے کا مرحلہ کل مکمل ہو جائے گا جبکہ حلقہ بندی پر اعتراضات کی سماعت 31،30 اکتوبر سے شروع ہوگی اور 30 نومبر کو الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست شائع کر دے گا۔

12:18 PM, 28 Oct, 2023

نیا دور

ملک بھر میں عام انتخابات کی ممکنہ تاریخ سامنے آگئی ہے جس کے مطابق جنرل الیکشن 28 جنوری2024 کومتوقع ہیں۔ الیکشن کمیشن میں ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات جمع کرانے کا آج آخری روز ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کو 2 دن بعد تحریری طور پر آگاہ کر دےگا۔

حکومتی ذرائع کا بتانا ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے مجوزہ تاریخ پرانتخابات کرانےکی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

گذشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات میں تاخیر کے حوالے سے قیاس آرائیوں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ انتخابات میں کسی قسم کا ابہام نہیں۔ انتخابات ملتوی ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔

الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ حلقہ بندی کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے جبکہ اعتراضات دائر کرنے کا مرحلہ کل مکمل ہو جائے گا جبکہ حلقہ بندی پر اعتراضات کی سماعت 31،30 اکتوبر سے شروع ہوگی اور 30 نومبر کو الیکشن کمیشن حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست شائع کر دے گا۔

الیکشن کمیشن کی آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے تیاریاں مکمل ہیں۔ حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت کے فوراً بعد انتخابی شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ابتدائی حلقہ بندیوں پر اعتراضات الیکشن کمیشن میں قائم سہولت سینٹر پر آج رات 12 بجے تک جمع کروائے جا سکیں گے۔ الیکشن کمیشن اعتراضات پر سماعت 28 اکتوبر سے 26 نومبر تک کرے گا۔ حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت30 نومبر کو ہوگی۔

دوسری جانب حلقہ بندیوں پر اعتراضات نمٹانے کیلئے الیکشن کمیشن  نے دو بینچ بھی قائم کردیے جو یکم نومبر سے سماعت کریں گے۔ پہلا بینچ اسلام آباد، شکار پور، خضدار، سیالکوٹ اور راجن پور کے اعتراضات پر سماعت کرے گا۔

 دوسرا بینچ کرم، اٹک، جہلم، ننکانہ، کوہاٹ اور کورنگی کے اعتراضات نمٹائے گا۔ دو نومبر کو ملیر، سانگھڑ، سوات، ہری پور، چکوال اور پشین کے اعتراضات سنے جائیں گے جبکہ مردان، کراچی، شرقی، موسیٰ خیل، لودھراں، نوشہرہ فیروز اور حب کی سماعت بھی اسی روز ہوگی۔

مزیدخبریں