'اعتماد صرف نوازشریف پر کیا جا سکتا ہے'

ن لیگی رہنما میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ ماضی میں نون لیگ کی قیادت کو جھوٹے کیسز میں پابند سلاسل کیا گیا۔ نوازشریف کو نا اہل کر کے پاکستان کی معیشت کو ڈبو دیا گیا۔ کیا قائد ن لیگ کا پاناما میں ذکر تھا۔ اب اسی معیشت کو ٹھیک کرنے دوبارہ نواز شریف وطن آئے ہیں۔

02:11 PM, 28 Oct, 2023

نیا دور

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء اور سابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ پاکستان میں صرف نواز شریف پر اعتماد کیا جاسکتا ہے۔ لوگوں میں جو فاصلے پیدا کردیئے گئے انہیں صرف نواز شریف ختم کرسکتا۔ باوقار ریاست کے طور پر نواز ہی دنیا میں پاکستان کو آگے لیکر جاسکتے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ ماضی میں نون لیگ کی قیادت کو جھوٹے کیسز میں پابند سلاسل کیا گیا۔ نوازشریف کو نا اہل کر کے پاکستان کی معیشت کو ڈبو دیا گیا۔ کیا قائد ن لیگ کا پاناما میں ذکر تھا۔ اب اسی معیشت کو ٹھیک کرنے دوبارہ نواز شریف وطن آئے ہیں۔

میاں جاوید لطیف نے کہا کہ ہماری پارٹی کے خلاف مہم پر اربوں روپے خرچ کئے گئے۔سوشل میڈیا ٹیموں کے ذریعے ہمیں چور اور ڈاکو کے لقب دلوائے گئے۔ سوشل میڈیا پر قوم بالخصوص نوجوانوں کی ذہن سازی کی گئی کہ ایک فرد کے علاوہ سب چور ڈاکو ہیں۔ ایک پارٹی نے ملک میں عدم استحکام کی صورتحال پیدا کی۔ ہماری اوپر طرح طرح کے الزامات لگائے کیسز بنائے اور آج خود ہی بھگت رہے ہیں۔

ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ کچھ دانشور اور تجزیہ نگار ایسا بیانیہ اور ماحول بنا رہے ہیں جیسے ہمیں انصاف نہیں فیور دی جا رہی ہے۔ کیا ہمارے ساتھ ناانصافی کو تمام غیر جانبدار تجزیہ نگار اور دانشور تسلیم نہیں کرتے۔قوم کو یاد ہے کہ پی ٹی آئی کے سابق صدر جاوید ہاشمی نے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ نواز شریف کو عدلیہ کے ذریعے نکالا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم کسی سے انتقام نہیں لینا چاہتے۔ ہم آئین کا تحفظ چاہتے ہیں۔ پی ٹی آئی چیئرمین جسے چور ڈاکو کہتے تھے وہ بھی کہہ رہے انصاف نہیں ہو رہا۔ انصاف ہر وقت فاسٹ ٹریک پر ہونا چاہیے۔ ہم وینٹی لیٹر پر پڑی معیشت کو دیکھ رہے ہیں۔ آج پاکستان کے اندر دو طرح کے طبقوں کو سہولت دی جارہی ہے۔ ایک عالمی قوت کے اعلیٰ کار ہیں جن کے کالے کرتوتوں پر پردہ ڈالا ہوا ہے۔

میاں جاوید لطیف کا مزید کہنا تھا کہ باوقار ریاست کے طور پر نواز شریف ہی دنیا میں پاکستان کو آگے لے کر جاسکتے ہیں۔اداروں سے گزارش ہے کہ خدا کیلئے پاکستان پر رحم کریں۔ ووٹ کو عزت دیں۔جتنا جلدی ہو الیکشن کروائے جائیں۔قبولیت پر سودے بازی نہ کی جائے۔ جتنا جلدی ہو جن کا مینڈیٹ ہے انہیں آنے دیا جائے۔

مزیدخبریں