Type to search

انٹرٹینمنٹ خبریں قومی میڈیا

اداکارہ مہوش حیات نے پاکستانی نژاد صحافی طارق فتح کا جھوٹ بے نقاب کر دیا

اداکارہ مہوش حیات نے پاکستانی نژاد صحافی طارق فتح پر غلط ویڈیو شیئر کر کے پاکستان کو بدنام کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کلپ دراصل میری فلم کا ایک سین ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی فلم و شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ مہوش حیات نے پاکستانی نژاد کینیڈین صحافی طارق فتح پر غلط ویڈیو شیئر کرنے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

پاکستانی نژاد کینیڈین صحافی طارق فتح سوشل میڈیا پر اکثر و بیشتر پاکستان کے خلاف بیانات جاری کرتے رہتے ہیں جس پر انہیں صارفین کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔

طارق فتح نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں ایک پاکستانی خاتون پولیو ورکرز سے بدتمیزی کرتی نظر آئیں۔

اس ویڈیو کے ساتھ انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ پاکستانی ماں نے دو پولیو ورکرز کے ساتھ برا سلوک اختیار کرتے ہوئے ان کے منہ پر دروازہ بند کر دیا اور کہا کہ وہ کبھی اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے نہیں پلائیں گی۔

البتہ طارق فتح اس بات سے لاعلم نظر آئے کہ جو ویڈیو انہوں نے شیئر کی وہ حقیقی نہیں بلکہ 2018 میں سامنے آئی کامیاب فلم ‘لوڈ ویڈنگ’ کی ہے، جس میں اداکارہ مہوش حیات انسداد پولیو ورکر بنی ہیں۔

اداکارہ مہوش حیات بھی اس معاملے پر خاموش نہ رہ سکیں۔ انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں طارق فتح پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کا شکریہ کہ آپ نے اپنی رائے کا اظہار کیا البتہ کچھ بھی پوسٹ کرنے سے قبل اگلی بار ذرائع کی تصدیق ضرور کر لیں، یہ میری فلم ‘لوڈ ویڈنگ’ کا ایک سین ہے، سین میں موجود پولیو ورکر میں ہوں اور دوسری بھی ایک اداکارہ ہے، اس فلم کے ذریعے ہم پولیو کے مسائل پر لوگوں میں شعور لانے کی کوشش کر رہے تھے۔

مہوش حیات نے مزید لکھا کہ یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ہماری پرفارمنس اتنی حقیقی تھی کہ آپ بھی اسے سچ ماننے پر مجبور ہو گئے۔

یاد رہے کہ ‘لوڈ ویڈنگ’ 2018 میں سامنے آئی تھی جس میں مہوش حیات کے ساتھ فہد مصطفیٰ نے مرکزی کردار نبھایا۔ اس فلم کی ہدایات نبیل قریشی نے دی تھی جبکہ فضا علی مرزا نے اس فلم کو پروڈیوس کیا۔

Tags:

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *