بالی ووڈ کے معروف اداکار عرفان خان ممبئی میں وفات پا گئے ہیں۔ 54 سالہ عرفان خان نیورو اینڈوکرائن کینسر کا شکار تھے۔ اور لندن میں زیر علاج رہنے کے بعد بھارت واپس پہنچے تھے جنہیں کولون انفیکشن ککی شکایت پر گذشتہ روزممبئی کے کوکیلابین ہسپتال لے جایا گیا تھا اور انہیں طبعیت بگڑنے پر آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا تھا۔
ہالی وڈ اور بالی وڈ کی 100 سے زائد فلموں میں کام کرنے والے عرفان خان کی آخری فلم انگلش میڈیم تھی جس میں انہوں نے ایک ایسے غریب باپ کا کردار نبھایا جو اپنی بیٹی کو اعلیٰ سے اعلیٰ تعلیم دلوانے کے لئے معاشرے سے بھڑ جاتا ہے۔ یہ فلم لاک ڈاؤن سے کچھ دن قبل ریلیز کی گئی تھی جسے مداحوں نے خوب سراہا تھا۔
کچھ روز قبل عرفان خان کی والدہ سعیدہ بیگم بھی ریاست راجستھان کے شہر جے پور میں انتقال کر گئی تھیں۔ عرفان ملک میں لاک ڈاؤن کی صورتحال کے باعث اپنی والدہ کی آخری رسومات میں شامل نہیں ہو سکے تھے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق انھوں نے ویڈیو کال کے ذریعے والدہ کی آخری رسومات میں شرکت کی تھی۔
https://twitter.com/ShoojitSircar/status/1255377784773410818
انکے دوست اور ہدایتکار سوجت سرکار نے ٹویٹ کرکے عرفان خان کی وفات کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ ' عرفان تم لڑے، لڑے اور لڑے، مجھے تم پر ہمیشہ فخر رہے گا، ہم دوبارہ ملیں گے،سوتاپا اور بابل سے تعزیت، آپ بھی لڑے، سوتاپا آپ نے اس لڑائی میں وہ سب کچھ دیا جو ممکن تھا۔ امن اور اوم شانتی، عرفان خان سیلیوٹ۔
گذشتہ روز ان کے ترجمان نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ عرفان خان کو بڑی آنت کے انفیکشن کے باعث ہسپتال میں داخل کروایا گیا ہے۔بیان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ عرفان خان کی طاقت اور ہمت نے انھیں اب تک بیماری سے لڑنے میں مدد فراہم کی ہے اور یقین ہے کہ اپنی قوتِ ارادی اور تمام عزیزوں اور مداحوں کی دعاؤں سے وہ جلد ہی ٹھیک ہو جائیں گے‘
اہلخانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عرفان خان ایک فائٹر تھے، ایک کم گو، گہری آنکھوں والے بہترین اداکار جو جہاں گئے وہاں زندگی بخشی۔ امید کرتے ہیں کہ وہ سکون میں ہوں گے جیسا کہ انکے اپنے ہی الفاظ کہ میں زندگی کو دوبارہ سے چکھ رہا ہوں، اسکی جادوی شکل۔
عرفان خان کے پرستار اس وقت صدمے کی حالت میں سوشل میڈیا پر اظہار کر رہے ہیں۔ جبکہ امیتابھ بچن، تاپسی پنو، اجے دیوگن، اکشے کمار،پریانکا چوپڑا سمیت دیگر بالی ووڈ سٹارز نے اپنے شدید صدمے کا اظہار کیا ہے۔