اس صورتحال میں عیدالفطر کی چھٹیوں میں دوسرے شہروں میں جانے والے لوگ بہت پریشان ہیں، جنھیں ٹکٹوں کے حصول کے معاملے میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ٹرانسپورٹرز نے اسی سسپنس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کرائے کی منہ مانگی قیمتیں کر دی ہیں۔
اگرچہ حکام نے ٹرانسپورٹرز کو سختی سے ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ عیدالفطر کی چھٹیوں کی آڑ میں مسافروں سے زائد کرایہ وصول نہ کریں۔ ایسا کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ تاہم اس کا بھی ان پر کوئی اثر نہیں ہو رہا اور مسافروں سے من مانے کرائے وصول کئے جا رہے ہیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں بروز اتوار یکم مئی کو شوال کا چاند نظر آنے کے کوئی امکانات نہیں ہیں کیونکہ ملک کے زیادہ تر حصوں پر بادل چھائے رہیں گے۔ اس لئے عیدالفطر 3 مئی بروز منگل کو ہی ہوگی۔
عیدالفطر کے موقع پر سرکاری تعطیلات کا اعلان بھی کردیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے رواں سال عید کی 4 چھٹیاں دی گئی ہیں جس کا باقاعدہ اعلان بھی کردیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے ملازمین کو عیدالفطر پر 2 مئی بروز پیر سے 5 مئی تک 4 چھٹیاں دی گئیں ہیں۔