سزا معطل ہوئی ہے، عمران آج بھی مجرم ہیں: فردوس عاشق اعوان

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج کے فیصلے سے انصاف کے نظام کی قلعی کھل چکی ہے۔ دوہرا معیار کب تک چلےگا؟ آئین و قانون کے سامنے سب برابر ہونے چاہئیں۔ سزا معطلی سے یہ طے نہیں ہوا کہ انہیں صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ مل گیا۔ آج کے فیصلے سے وہ مجرم سے محترم نہیں بنے۔

06:35 PM, 29 Aug, 2023

نیا دور

ترجمان استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی) کی ترجمان فردوس عاشق اعوان نے کہا سزا معطلی سے قیدی نمبر 804  کو صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ نہیں ملا اور نہ ہی آج کے فیصلے سے وہ مجرم سے محترم بنے ہیں۔ 

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا  کہ عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس میں سزا معطل ہوئی ہے ختم نہیں ہوئی۔ چیئرمین پی ٹی آئی آج بھی مجرم ہیں۔

ایک فیصلہ آیا جس کی گونج کئی دنوں سے سوشل میڈیا پرنظر آرہی تھی۔ ایک جماعت کئی دن پہلے ہی فیصلہ سنا چکی تھی۔ فیصلے سے متعلق مبارکبادوں کا سلسلہ کئی روز سے جاری تھا۔ ثابت ہوگیا طاقتور جب چاہے آئین و قانون کو روند سکتا ہے۔لیکن آج کے فیصلے سے انصاف کے نظام کی قلعی کھل چکی ہے۔ دوہرا معیار کب تک چلےگا؟  آئین و قانون کے سامنے سب برابر ہونے چاہئیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ سزا معطلی سے یہ طے نہیں ہوا کہ انہیں صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ مل گیا۔ آج کے فیصلے سے وہ مجرم سے محترم نہیں بنے۔ کچھ دل اٹک جیل کے قیدی نمبر804 کے ساتھ دھڑک رہے ہیں۔معاشرے کی تنزلی کا کریڈٹ بھی قیدی نمبر804 کو جاتا ہے۔ قیدی نمبر804 کو جیل میں سہولت کاری دستیاب ہے۔ جیل میں مرغن غذائیں فراہم کر کے ایک نہیں دو پاکستان کا عملی نمونہ سامنے آیا ہے۔مطالبہ کرتے ہیں کہ قیدی نمبر 804 کےفرمائشی کھانوں کی  سہولیات باقی قیدیوں کو بھی دی جائیں۔

فردوس عاشق نے مہنگائی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی بے لگام ہو چکی ہے۔ بجلی کے بل تعزیانے بن کر عوام پر برس رہے ہیں۔سابقہ حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ گٹھ جوڑ کر کے عوام کو اس دلدل میں دھکیلا ہے۔ کہ ترقیاتی منصوبے پس پشت ڈال کر پیسے مہنگائی کے ستائے عوام کو ریلیف کیلیے دیا جائے۔ 95 فیصد عوام مہنگائی اور بے روزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں۔مہنگائی کی سزا بھگتنے والی عوام اس قید سے رہائی چاہتی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا  کہ آئی ایم ایف کے ساتھ نظر ثانی کیلیے ڈائیلاگ شروع کیا جائے۔ بجلی کے بلوں نے عوام کی آخری سانسیں بھی چھین لی ہیں استحکام پاکستان پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ عوام کو ہر صورت ریلیف دیا جائے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام کو کسی کی سزا معطلی سے دلچسپی نہیں۔عوام مہنگائی کی قید سے نجات چاہتی ہے۔ دو وقت کی روٹی مڈل کلاس کے لیے چیلنج بن گئی ہے۔ 

استحکام پاکستان پارٹی کی ترجمان نے مزید کہا کسانوں کو مشکل کی گھڑی میں تنہا نہ چھوڑا جائے گا، استحکام پاکستان پارٹی کسانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ عوام کی فلاح استحکام پاکستان پارٹی کی پہلی ترجیح ہے۔ بھارت نے آبی جارحیت سے بستیاں اجاڑدیں، بھارتی جارحیت سے فوڈ سکیورٹی چیلنج بننے جارہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام نگران وزیر اعظم کو مسیحا کے روپ میں دیکھنا چاہتی ہے۔ عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ بھی نگران حکومت کی ذمہ داری ہے۔

مزیدخبریں