ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف کو ملک میں میں ملکی سلامتی اور امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ فوج کے پیشہ وارانہ امور سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ حالیہ دہشتگردی کے واقعات اور ان کے تدارک کے لئے اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔
ملاقات میں کل بلائے گئے ملکی سلامتی کے اجلاس کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس کل طلب کیا گیا۔ اجلاس میں دہشتگردی کی حالیہ لہر اور اس کو روکنے کے لئے اقدامات پرغور ہوگا جب کہ عسکری حکام دہشتگردی اور افغان بارڈر کی صورتحال پر بریفنگ دیں گے۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان عملدرآمد پر بریفنگ دی جائے گی۔
اس کے علاوہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں شرکاء کو ملک کی معیشت کے حوالے سے بریفنگ دیں گے۔