' گورنر ہاؤس کو تالا لگا دیں گے'، پی ٹی آئی کی دھمکی

' گورنر ہاؤس کو تالا لگا دیں گے'، پی ٹی آئی کی دھمکی
معاون خصوصی اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ گورنر نے ہیلی کاپٹر کی لینڈنگ کو روکنے کی کوشش کی تو ہم گورنر ہاؤس کو تالا لگا دیں گے۔ الیکشن کے بعد ویسے ہی اپنا گورنر لانا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ ہیلی کاپٹر کے استعمال سے متعلق گورنر کو لیٹر بھیجا گیا شاید گورنر کو ترجمہ کرنا نہیں آتا۔ ایک ہیلی کاپٹر کو  سروس کی ضرورت تھی اور دوسرے کے پائلٹ کی چھٹی تھی۔ گورنر ہاؤس کسی کی ذاتی جاگیر نہیں جہاں وہ کسی کی ہیلی کاپٹرکی لینڈنگ روک سکے۔

معاون خصوصی اطلاعات خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ گورنر غلام علی کو مشورہ ہے چند دنوں کا مہمان ہے۔ چائے پیئیں۔ حلوہ اور کھجوریں کھائیں۔ الیکشن کے بعد موجودہ گورنر کو ہٹا کر ویسے ہی اپنا گورنر لانا ہے۔

واضح رہے کہ گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے وزیراعلیٰ محمود خان کے ہیلی کاپٹر کو گورنر ہاؤس میں لینڈنگ کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے کہا کہ ڈی آئی خان دورے کے لیے تین مرتبہ صوبائی حکومت سے ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کی درخواست کی لیکن بہانے بنا کر انکار کردیا گیا۔کبھی کہتے ہیں کہ پائلٹ چھٹی پر ہے۔ کبھی کہتے ہیں خراب ہے۔ یہ مذاق کر رہے ہیں جب کہ گورنر ہاؤس کے لان میں ہیلی کاپٹر روزآنہ لینڈ کرتا ہے۔ میں نے کبھی نہیں روکا مگر اب روک کر دکھاؤں گا۔ دیکھتا ہوں یہ کیسے لینڈ کرتے ہیں؟

گورنر کے پی غلام علی کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کا ہیلی کاپٹر گورنر ہاؤس میں نہیں اتر سکے گا۔وزیراعلی نے سرکاری ہیلی کاپٹر کو ذاتی ہیلی کاپٹر بنا دیا ہے۔ ذاتی ہیلی کاپٹر کے لیے وزیراعلی اپنے گھر میں بندوبست کریں۔

گورنر غلام علی نے صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر کے استعمال سے متعلق بل کو بھی اعتراضات لگا کر واپس بھیج دیا۔