سڑکوں پر ’بے حیائی کو روکنے‘ ہم بھی آئیں گے: مولانا فضل الرحمان کی عورت مارچ کو کھلی دھمکی

08:44 AM, 29 Feb, 2020

نیا دور
مولانا فضل الرحمان عورت مارچ کے خلاف میدان میں آگئے، کہا کہ بے حیائی کو روکنے کے لیے سڑک پر آپ کے سامنے ہم بھی نظر آئیں گے۔

سوشل میڈیا پر جمیعت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عورت مارچ کے منتظمین کو دھمکی دے رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں 8 مارچ کو عورت مارچ کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں خواتین اپنے حقوق کے لئے آواز بلند کریں گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کہہ رہے ہیں کہ کسی بھی انسانی حق کے نام پر قرآن و سنت کو روندنا، ہمارے اپنے ملک کی تہذیب کو پامال کرنا، اس کی بھی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اور اگر کوئی سمجھتا ہے کہ ہم مختلف عنوانات کے ساتھ سڑکوں پر آ کر بے حیائی اور فحاشی کی بنیاد پر اسلامی و قومی تہذیب کو روندیں گے تو انشااللہ سڑک پر آپ کے سامنے ہم بھی نظر آئیں گے۔ کس طرح آپ اس ملک کی عزت و ناموس کو پامال کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے کارکنوں میں آپ سے کہنا چاہتا ہوں جہاں اس قسم کے عناصر آپ کو نظر آتے ہیں آپ قانون کو دعوت دے کر اسے روکنے کی کوشش کریں اور اگر قانون ان کو تحفظ دے تو پھر آپ کی قربانیاں ان کو روکیں گی اور کسی طرح اس ملک میں ہم قومی تہذیب پامال ہونے کے تماشے نہیں دیکھ سکیں گے۔


 

مزیدخبریں